کراچی :جنید جمشید کی نماز جنازہ ادا،ہزاروں افراد کی شرکت

شائع 15 دسمبر 2016 11:25am

کراچی میں جمعرات کو معروف مبلغ  اورنعت خواں جنید جمشید کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

کراچی کے اے کے ڈی گراؤنڈ میں جنید جمشید کی نماز جنازہ مولانا طارق جمیل نے پڑھائی ۔

نمازہ جنازہ میں مرحوم کے دوستوں ،پرستاروں ، اداکاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور تمام افراد کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی گراؤنڈ میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ۔

رینجرز اور پولیس اہلکار سیکیورٹی انتظامات کے لئے گراؤنڈ میں موجود رہے،  گراؤنڈ کو جانے والے تمام راستوں کو بیریئرز لگا کر بند کیا گیااور صرف جنازے میں شرکت کیلئے آنے والوں کو ہی گراؤنڈ میں داخلے کی اجازت دی گئی ۔

 نماز جنازہ کے موقع پر کئی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور لوگ پھوٹ پھوٹ کر روتے رہے۔

جنید جمشید کی نماز جنازہ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی سے قبل خطاب معروف عالم دین  مولانا طارق جمیل نے بیان  کرتے ہوئے کہا کہ موت کے بعد سب انسان ختم ہوجاتے ہیں،  ہم آج اللہ کی امانت کو اس کے سپرد کرنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج جنید جمشید کے جنازے میں عوام کی اتنی بڑی تعداد دیکھ کر یقین ہوگیا کہ وہ لوگ کتنے خوش قسمت ہوتے ہیں جن کے جنارے میں اتنے زیادہ چاہنے والے شامل ہوتے ہیں ۔

 انہوں نے کہا کہ ہر انسان کو موت کا مزہ چکھنا ہے ، جنید جمشید ہمارے درمیان نہیں لیکن جب میں اس کا نام اپنی زبان پر لاتا ہوں تو میری آنکھوں میں آنسو آ جاتے ہیں ۔

 انسان کو چاہئے کہ اس کی موت کے وقت اس کا خدا اس سے راضی ہو ، اگر اس کا خدا اس سے راضی ہو تو اس کی زندگی کامیاب ہے اور اگر اس کا خدا اس سے راضی نہ ہوا تو اس کی زندگی کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

Read Comments