تیرہ دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق

شائع 16 دسمبر 2016 02:35pm

راولپنڈی :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کی سفاک ترین کارروائیوں میں فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے مزید  تیرہ خطرناک ترین مجرموں کی سزا دینے کی قانونی توثیق کردی۔ ان تیرہ دہشت گردوں نے  تین سو  پچیس شہریوں اور فورسز اہلکاروں کوشہید کیا تھا۔ یہ دہشت گرد  قبائلی جرگہ ، میریٹ ہوٹل، باچا خان یونیورسٹی اورپریڈ لین مسجد پر حملوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جن  تیرہ خطرناک ترین دہشت گردوں کو سزائے موت کی توثیق دی وہ معصوم شہریوں، فوجیوں ، نیم فوجی دستوں اور پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے میں ملوث تھے۔

ان کی دہشت گردی سے  تین سو پچیس افراد  شہید اور تین سو چھیاسٹھ  شدید زخمی ہوئے تھے، سزائے موت پانیوالا دہشت گرد لطیف اللہ محسود نے  ایک سو پچاس شہریوں اورایف سی کے  سات اہلکاروں کا قتل کیا، دہشت گرد عرفات گل میریٹ ہوٹل اور پریڈ لین مسجد پر حملے میں ملوث تھا جس سے  ایک سو دس شہری شہید اور تین سو تیس زخمی ہوئے۔

چاردہشت گردوں واحد علی، اکبرعلی، محمد ریاض اور نوراللہ نے چارسدہ میں جامعہ باچا خان پرحملہ کرکے  سترہ افراد کو شہید کرنے کا جرم کیا ، سفاک دہشت گرد عبد الرحمن نے کیپٹن نجم راجہ، کیپٹن جنید ، نائیک شاہد اورلانس نائیک شکیل کو شہید کیا تھا، وہ تعلیمی درسگاہوں کوتباہ کرنے میں بھی ملوث تھا۔

دہشت گرد میاں سید رحیم  سولہ افراد کے قتل، دہشت گرد نورمحمد ، ایک فوجی کے قتل اور  سات ایف سی اہلکاروں کوزخمی کرنے اور ایک ڈاکٹرکے اغواء میں ملوث تھا، دہشت گرد شیرعلی نے سات فوجی شہید کیے  تھے ، سزائے موت پانے والے دیگر دہشت گردوں میں قاسم عباس، محمد عثمان اور وقارفیصل شامل ہیں۔

Read Comments