سانحہ کوئٹہ ، پی ٹی آئی کا چوہدری نثار کے استعفے کا مطالبہ

شائع 18 دسمبر 2016 01:27pm

اسلام آباد: تحریک انصاف نے سانحہ کوئٹہ پر وزیرداخلہ چودھری نثار کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کمیشن رپورٹ اور پاناما ایشو پر حکومت کو قومی اسمبلی میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا کوبریفنگ میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار نے کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ پر ردعمل میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا، اسکا عدالت ازخود نوٹس لے سکتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ  وفد میں نام نہیں تھا تو مولانا لدھیانوی کو کس نے وزارت میں آنے دیا،  پابندی کے باوجود، شہدا فائونڈیشن کا اجتماع کیسے ہوگیا۔ شاہ محمود قریشی نے  مطالبہ کیا کہ  رپورٹ کے  بعد وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان،وزیراعلٰی بلوچستان اور ہوم منسٹر بلوچستان مستعفی ہوں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا ک سوچنا ہوگا کہ ہم نے اے پی ایس سانحے سے کیا سیکھا؟ کوئٹہ کمیشن رپورٹ اور پاناما ایشو پر پیرکو قومی اسمبلی اجلاس سے پہلے تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کرینگے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی روکنے کیلئے قائم فوجی عدالتوں کی آئینی مدت سات جنوری کو ختم ہورہی ہے، اس کے بعد دہشت گردوں سے کون نمٹے گا؟ فوجی عدالتوں پر دو سال میں حکومت نے آئندہ کیلئے اصلاحات نہیں کیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہناتھاکہ پیپلزپارٹی سے انکا پرانا رشتہ ، وہ سڑکوں پر نکلی تو میں ضرور انکے ساتھ ہوں گا، قومی اسمبلی میں جس دن بھی وزیراعظم آئے، عمران خان بھی وہاں ہونگے۔

Read Comments