Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
راولپنڈی :پاکستان اور سعودی عرب نے شدت پسندی کے خاتمے کیلئے جاری کوششوں کو مزید تقویت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی قیادت نے مستحکم اور پرامن پاکستان کیلئے ہر تعاون کی یقین دہانی کرائی ،پاک فوج نے واضح کیاہےکہ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کا تحفظ مقدم رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب گئے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سعودی ولی عہد اور وزیرخارجہ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں رہنماؤں نے اتفاق کیاکہ بھائی چارے پرمبنی دیرینہ تعلقات دیرپا اشتراک میں بدل چکے ہیں ، مسلم امہ کیلئے قابل ذکر ذمہ داری کے تناظر میں علاقائی استحکام کیلئے پاکستان اور سعودی عرب اہم کردارکے حامل ہیں ۔
ملاقات میں دونوں رہنماوں نے دہشت گردی کا ناسور اکھاڑ پھینکنے اور انتہاء پسندی کو ختم کردینے کے نافذ طریقہ کار کیلئے کوششوں کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا ۔
پاکستان کے سپہ سالار کی سعودی نائب ولی عہد اور وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات ہوئی، اس میں باہمی دلچسپی کے موضوعات اور سلامتی امور میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال ہوا ، سعودی وزیر دفاع نے یقین دلایا کہ پاکستان میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے ہر لحاظ تعاون جاری رکھا جائے گا ۔ اس موقعے پر جنرل قمرباجوہ نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تحفظ اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کیلئے پاکستانی عزم کو دہرایا۔
جنرل قمرباجوہ کی سعودی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل عبد الرحمان سے ملاقات میں علاقائی سلامتی کے امور پر غور ہوا اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔