پنجاب: بلدیاتی الیکشن کے آخری مرحلے میں ووٹنگ جاری

اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2016 11:03am

 

لاہور: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں ضلع کونسلز، میونسپل کارپوریشنز اور میونسپل کمیٹیز کے میئر، ڈپٹی میئرز، چیئرمین اور وائس چیئرمینز کے چناؤ کیلئے ووٹنگ جاری ہے۔

بیشتر اضلاع میں ضلعی حکومت بنانے کیلئے حکمران جماعت کے گروپ بھی آمنے سامنے ہیں۔

فیصل آباد میں مسلم لیگ-ن کے رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی گروپ میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں سات میونسپل کارپوریشنز، تینتیس ضلع کونسلز اور ایک سو تئیس میونسپل کمیٹیز کے میئرز اور چیئرمینز کے انتخاب کیلئے چار سو تئیس امیدوار میدان میں ہیں۔

میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور، ضلع کونسل چنیوٹ اور نارووال جبکہ چھپن میونسپل کمیٹیز میں حکمران جماعت ضلعی حکومت بنانے میں کامیاب ہوچکی ہے۔

فیصل آباد میں ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کی ایک ایک جبکہ میونسپل کمیٹی کی پانچ نشستوں پر وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی گروپ میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔

گجرات میں چیئرمین ضلع کونسل اور چیئرمین میونسپل کمیٹی کی پانچ نشستوں پر مسلم لیگ قاف اور حکمران جماعت کے درمیان مقابلہ ہے۔

رحیم یار خان میں چیئرمین ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیز کی نشستوں پر مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے درمیان مقابلہ ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ نون کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالعلیم شاہ اپنا الگ ڈھرا لے کر میدان میں آگئے ہیں۔

ضلعی حکومتوں کیلئے کامیاب ہونے والے چیئرمین اور میئرز اکتیس دسمبر کو اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔

Read Comments