کراچی : اٹھارہ ماہ کی خودساختہ جلا وطنی کاٹنے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری وطن واپس پہنچ گئے۔
سیاسی داؤ پیچ کے ماہر آصف علی زرداری کراچی پہنچ گئے،سابق صدر کے خصوصی طیارے نے اولڈ ٹرمینل پر لینڈ کیا،جہاں سے ان کا قافلہ جلسہ گاہ کی طرف روانہ ہوا،ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ اور سینئر پارٹی قیادت موجود تھی۔
آصف زرداری پنڈال پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا،کارکنوں نے بھرپور نعرے بازی کی اور بھنگڑے ڈالے۔
اس موقعے پر مختصر خطاب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ آج سیاسی اداکاروں کے منہ بند ہوگئے، انہوں نے کہا کہ کسی منفی سوچ کے تحت نہیں لوٹا، جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں اور قوم اور ملک کی بقا بھی جمہوریت میں ہی ہے، ستائیس دسمبر کو عوام کو خوشخبری دیں گے۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ آج ناقدین کے منہ بند ہوگئے۔ سیاسی اداکاروں کو منہ کی کھانا پڑی، سابق صدر نے یہ بھی واضح کردیا کہ وہ یہاں مایوسی کا پروگرام لے کر نہیں آئے۔
انہوں نے پاک فوج اور عوم کے حق میں کہا کہ آج ان کی وجہ سے ہماری سرحدیں محفوظ ہیں، سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان انتہائی طاقتور ملک ہے، اسے فیل اسٹیٹ نہیں بننے دیں گے۔
آصف زرداری نے آخری دم تک جمہوریت کی بقا کی جنگ لڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہمارے اجداد نے جمہوریت کی خاطر جانیں قربان کیں، موجودہ نہیں اپنے آنے والے بچوں کا مستقبل بہتر کرکے دم لیں گے۔آصف زرداری نے یہ بھی واضح کردیا کہ کرسی پر کل کون بیٹھے گااس کا فیصلہ بھی جلد ہوجائے گا۔
آخر میں انہوں نے اپنا خطاب ختم کرتے ہوئے ستائیس دسمبر کو طویل خطاب کرنے کا اعلان کیااور کہا کہ ستائیس دسمبر کو ہی عوام کو ایک خوشخبری دیں گے۔
دوسری جانب پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایک زرداری سب پر بھاری۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے ن لیگ کی حکومت کو بھی خبردار کیا۔