نواز شریف اور فضل الرحمان کرپشن ٹیم کے اوپنر ہیں، عمران خان

شائع 25 دسمبر 2016 03:48pm

صوابی : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف، جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمان کرپشن ٹیم کے اوپنر اور پی پی پی کے سربراہ آصف زرداری تیسرے جبکہ شہبازشریف چوتھے کھلاڑی ہوں گے۔

کپتان نے ایک بار پھر سیاسی مخالفین پر تنقید کے نشتر برسا دیے ،عمران خان نے صوابی میں پارٹی جلسے سے خطاب کیا۔

انھوں نے ن لیگ، جے یو آئی اور پی پی تینوں کو کرپشن مافیا قرار دے ڈالا۔ عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں کہ ان کے بچے باہر سے پیسہ بھیجتے ہیں،لیکن سوال یہ ہے کہ آخر ان کے بچوں کے پاس پیسہ کہاں سے آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کہتی ہیں طوفان چلا گیا ہے، کیس تو ابھی عدالت میں ہے، طوفان کیسے چلا گیا؟

عمران خان نے ایک بار پھر کرپشن ٹیم کا ذکر کیا اور کہا کہ ایک نئی ٹیم بن رہی ہے، کپتان نے کہا کہ آصف علی زرداری ابھی تو واپس آئے ہیں، انھیں تھوڑی نیٹ پریکٹس کرنے دو،عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا کہ انھیں اپنے نام کے ساتھ مولانا نہیں لگانا چاہیے، کیونکہ یہ لفظ مولانا کی توہین ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ وہ پاکستانی سے پہلے ایک مسلمان ہیں، اللہ پاک کا کہنا ہے کہ زمین پر انصاف قائم کرو، اور اگر انصاف ملتا تو آج مشرقی پاکستان ہم سے الگ نہ ہوتا، ہم نے ناانصافی کی تو مشرقی پاکستان ہم سے الگ ہوگیا۔

Read Comments