'نواز شریف نے جمہوری اقدار کو نقصان پہنچایا'

اپ ڈیٹ 29 دسمبر 2016 08:18am

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہےکہ  وزیر اعظم نے جمہوریت اور جمہوری اقدار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، قوم کے جائز سوالات کے جواب میں وزیر اعظم مسلسل جھوٹ بولتے رہے، پی ٹی آئی نہ ہوتی تو آئندہ نسلیں انکے بچوں کی غلامی کرتیں۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیررسمی بات چیت میں عمران خان کا کہنا تھاکہ  پاناما لیکس پر قوم کے جائز سوالات کے جواب میں وزیر اعظم مسلسل جھوٹ بولتے رہے۔ نواز شریف اور انکے وزیر چاہتے تھے کہ پاناما ایشو قوم کی نگاہوں سے اوجھل کر دیا جائے، تحریک انصاف نہ ہوتی تو آئندہ نسلیں انکے بچوں کی غلامی کرتیں۔

 انھوں نے مزید کہاکہ عام آدمی کو درپیش ہر مسئلے کے پیچھے کرپشن جیسی لعنت کار فرما ہے، پاناما مقدمے کا فیصلہ چند دن کی سماعت کا محتاج ہے، جسٹس جمالی نے سماعت کے حتمی لمحات میں فیصلہ کرنے کی بجائے چھٹیوں پر جانے کو ترجیح دی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آئندہ چیف جسٹس کو مقدمے کی پوری سماعت کا موقع ملنا چاہئیے،  نظام عدل کے بارے میں عوام کی رائے اور خیالات زیادہ حوصلہ افزاء نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ پختونخوا میں نظام کی تبدیلی کی بنیاد رکھ دی ہے، آئندہ انتخابات میں نون لیگ کو دھاندلی کا ہتھیار نہیں استعمال کرنے دیں گے، کپتان نے پیپلز پارٹی کے فیصلے سے متعلق سوال پر تبصرہ کرنے سے معزرت کی۔

Read Comments