'فوجی عدالتوں کا قیام سول عدالتوں کی توہین'

شائع 29 دسمبر 2016 10:40am

پشاور: جمیعت علماء اسلام- ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے فوجی عدالتوں کے قیام کو سول عدالتوں کی توہین قرار دیتے ہوئے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرنے میں جلد بازی نہ کی جائے۔

پشاور میں جے یوآئی- ف کے صوبائی سکیریٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل نےایک بار پھر فوجی عدالتوں کی مخالفت کی۔

انہوں نے کہا فوجی عدالتیں قائم کرنے کے بجائے سول ججز کو درپیش چیلنجز کے بارے میں سوچا جائے۔

ان کا کہنا تھا جمعیت کے خلاف سازشیں کرنے والے جان لیں جے یو آئی واحد جماعت ہے جس پر کرپشن کا کوئی کیس نہیں۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی وطن واپسی کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری کا پارلیمنٹ میں واپسی کا مقصد پی پی پی کو متبادل قوت بنانا ہے۔

Read Comments