Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد: سی پیک سے متعلق پاک چین جوائنٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس چین میں ہوا،اجلاس میں معاون خصوصی طارق فاطمی،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔
چینی حکام نے پاکستان وفد کو سی پیک منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی،اجلاس سےخطاب میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گوادر ماسٹر پلان اور دوسرے ایسے منصوبوں سے گوادر میں معاشرتی و معاشی ترقی ہو گی ۔ گوادر میں تین سو میگا واٹ بجلی کے منصوبے پر جلد کام شروع ہو جائے گا ۔
اجلاس میں احسن اقبال نے گوادر میں صاف پانی کی فراہمی ، اسپتال کا قیام اور ٹکنیکل و وکیشنل انسٹیوٹ کے منصوبوں پربات کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت میں ان منصوبوں کی تکمیل سے گوادر کے لوگ مستفید ہوسکیں گے۔
احسن اقبال نے چاروں صوبوں میں ماس ٹرانزٹ ریلوے کے منصوبوں پر چین کی مدد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان میں لاکھوں لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر صوبے نے اکنامک زون بنانے کے لئے مارکیٹ کے حساب سے جگہ کی نشاندہی کر لی ہے ۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین سی پیک تین سال پہلے شروع ہوا تو اس پر شکوک و شبہات پیدا کئے گئے کہ اس پر عمل کیسے ہو گا ۔لیکن سیاسی قیادت ، دونوں ممالک کے آفیشلز کی انتھک محنت سے سی پیک دنیا میں علاقائی رابطے کا سب سے بڑا منصوبہ بن گیا ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کی کامیابی کا ایک ثبوت یہ ہے کہ اب امریکا ، کینیڈا اور یورپ جیسے ممالک سی پیک کے خطے پرمرتب ہونے والے اثرات پر ریسرچ کر رہے ہیں ۔