پاناما کامسئلہ 2017 میں حل ہوجائےگا،عمران خان پُرامید

شائع 31 دسمبر 2016 10:21am

کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے امید ظاہر کی ہے کہ پاناما کا مسئلہ 2017 میں حل ہوجائے گا۔

 کراچی  میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ پاناما پر عدالت جو بھی فیصلہ دے گی اسے قبول کریں گے،انہیں تشکیل کردہ بنچ پر پورا اعتماد ہے۔

چیئر مین پی ٹی آئی نے کرپشن میں ملوث کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا اعلان کیااورکہا کہ انتخابات کیلئے کرپٹ قیادت کےساتھ الحاق کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ' نوازشریف 2013 جیسا الیکشن کرانے کا منصوبہ بنارہے ہیں،لیکن ہم اس بار 2013 جیسا الیکشن نہیں ہونے دیں گےاور نیوٹرل امپائر کے ذریعے الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے'۔

اس کے علاوہ انہوں نے کراچی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ  کراچی مسائل سے گھرا ہے ،شہر عملاً لاوارث ہوچکا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ  کراچی پولیس غیر جانبدار نہیں ہے،خیبر پختونخوا  پولیس کی  تعریف دنیا کرتی ہے، کراچی کے لوگ پروفیشنل پولیس کا مطالبہ کریں،مسئلے کا علاج رینجرز نہیں بلکہ پولیس ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سب سے زیادہ پڑھے لکھے لوگ ہیں، کراچی پاکستان کا سیاسی دارالخلافہ تھا،ایم کیو ایم نے شہر کو کونے سے لگا دیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ  آئی جی سندھ  کیخلاف کارروائی پر کراچی کے لوگوں کو کھڑا ہونا چاہئے تھا۔

Read Comments