ملک بھر میں نئے سال کوخوش آمدید کہنے کی تیاریاں مکمل

شائع 31 دسمبر 2016 04:36pm

پاکستان میں دو ہزار سولہ کا آخری سورج بہت سی خوبصورت اور تلخ یادوں کو لیکر غروب ہو گیا۔خوشیوں اور راحتوں کی امید کے ساتھ عوام  نے نئے سال کو خوش آمدید کہنے کی تیاریاں کر لی ہیں۔

پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کوئٹہ اور کراچی سمیت ملک بھر میں 2016ء کا آخری سورج ڈوب گیا۔

کئی یاد گار لمحات،خوشیوں اور مسکراہٹوں کے ساتھ ساتھ کچھ غمزدہ یادیں بھی2016 کے آخری سورج کے ساتھ ہی غروب ہوئیں۔

لوگوں نے ان دعاؤں کے ساتھ 2016 کے آخری آفتاب کو رخصت کیا کہ نئے سال کا سورج خوشیوں کی نوید لے کر ابھرے گا۔

نئے سال کا شاندار استقبال کرنے کیلئے کراچی میں بحریہ آئی کون،کلفٹن،ڈیفنس، سی ویو،پورٹ گرینڈ سمیت مختلف مقامات پر تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

سال نو پر منچلوں کو روکنے کیلئے کراچی پولیس نے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔سی ویو جانے والی تمام سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

راستے بند ہونے سے نہ صرف سال نو کے جشن میں خلل پیدا ہوا بلکہ ڈیفنس اور کلفٹن کے رہائشیوں کیلئے گھر جانا بھی ایک امتحان بن گیا ہے۔

لاہور میں ایفل ٹاور بحریہ ٹاؤن کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں نئے سال کا استقبال جشن اور آتشبازی کے ساتھ کیا جائے گا۔

اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بھی سال نو کے آغاز پر جشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

Read Comments