Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:اسلام آباد میں گھریلوملازمہ بچی پرجج کی اہلیہ کے مبینہ بدترین تشدد کے مقدمے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا ابتدائی تحقیقاتی ریکارڈ سپریم کورٹ کو دیدیا گیا جبکہ خصوصی میڈیکل بورڈ کل بچی کا معائنہ کرے گا ۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے دس سالہ طیبہ پرتشدد کیس میں متاثرہ فریق کی طرف سے صلح نامہ کرنے کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ ان کے حکم پررجسٹراراسلام آباد ہائیکورٹ نے وہ رپورٹ جمع کرادی ہے جس میں صلح نامہ ، پولیس کی تفتیش، ایڈیشنل سیشن جج اوربچی کے بیانات شامل ہیں۔
بچی تشدد کیس میں سول سوسائٹی کی طرف سے معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر نے بھی سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائرکی ہے۔ اس میں مذکورہ ایڈیشنل سیشن جج ، انکی اہلیہ ، وزارت داخلہ کوفریق بنایا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے اس مقدمے میں متاثرہ بچی کا طبی معائنہ کرنے کیلئے جو ہدایات جاری کی تھیں اس کےتحت اسلام آباد کے پمز اسپتال کا تین رکنی بورڈ قائم ہوچکا ہے ۔ یہ میڈیکل بورڈ جمعے کو متاثرہ بچی کا معائنہ کرکے رپورٹ مرتب کرے گا ۔