کم سن ملازمہ طیبہ پر مبینہ تشدد، نئی والدہ منظرعام پر

شائع 05 جنوری 2017 03:20pm

اسلام آباد: اسلام آباد میں جج کی اہلیہ کے ہاتھوں کمسن ملازمہ پر مبینہ تشدد کیس  نے نیا موڑ لے لیا اور اب کمالیہ کی خاتون نے طیبہ کی والدہ ہونے کا دعوٰی کردیا۔ کوثر بی بی کا کہنا ہے طیبہ کا اصل نام ثنا ہے جسے فیصل آباد سے سات سال کی عمر میں اغوا کیا گیا تھا۔

پہلے کم سن ملازمہ کے مبینہ والد نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوکر اپنا بیان دیا تھا اور کہا تھا کہ جج کی اہلیہ کیخلاف کم سن ملازمہ طیبہ پر مبینہ طور پر تشدد کرنے کے سلسلے میں بے بنیاد کیس پولیس نے رجسٹرڈ کیا ہے۔

ملازمہ کے مبینہ والد کے اس بیان کی تحریر بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرادی گئی تھی۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ طیبہ پر تشدد سے متعلق بے بنیاد کیس رجسٹرڈ کیا گیا ہے اور اس نے ذاتی طور پر بھی اس کیس کی تفتیش کی ہے اور وہ سیشن جج اور ان کی اہلیہ کو غیر مشروط طور پر معاف کرتا ہے۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے بھی اس کیس کا نوٹس لے لیا تھا اور اسکی تفصیلات طلب کی تھیں تاہم اب کمالیہ کی ایک خاتون نے طیبہ کی والدہ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

Read Comments