سی پیک کے حوالے سے ہمیں اپنے مفاد کودیکھنا ہے ،وزیرخارجہ

اپ ڈیٹ 23 جنوری 2020 10:32am
فائل فوٹو

ڈیووس:وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ کہ  سی پیک کے حوالے سے ہمیں اپنے مفاد کودیکھنا ہے ، کوشش ہے کہ ہم اپنا نکتہ نظردنیا کے سامنے رکھیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے موجودہ صورتحال کےتناظرمیں اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر کشمیر میں حالات بگڑتے ہیں یا جنوبی ایشیا میں کوئی چپقلش جنم لیتی ہے تو خطے کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، خطے کے مسائل کو اجاگر کرنا پاکستان کے فرائض میں شامل ہے، وزیراعظم عمران خان نے دورہ ڈیوس میں ان نکات کو اٹھایا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ ہم اپنا نکتہ نظر دنیا کے سامنے رکھیں، صدر ٹرمپ نے دورہ  پاکستان پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے جلد پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے،وہ سمجھتےہیں کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے،امریکی صدر پاکستان کو اہم ملک اور دو طرفہ تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں کشمیر سمیت اہم مسائل کو اجاگر کیا۔

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے ہمیں اپنے مفاد کو دیکھنا ہے جو چیز ہمارے مفاد میں ہےاس پر عمل پیرا رہیں گے۔