فیفا ورلڈ کپ 2026: افتتاحی میچ میں 3 ریڈ کارڈز، میکسیکو کی جنوبی افریقا کو 0-2 سے شکست
فیفا ورلڈکپ 2026 کے افتتاحی میچ میں میکسیکو نے جنوبی افریقہ کو 0-2 سے شکست دے دی ہے۔ یہ سنسنی خیز میچ میکسیکو سٹی میں کھیلا گیا، جس میں دونوں ٹیمیں جارحانہ کھیل کھیلتی نظر آئیں۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کو 3 ریڈ کارڈز جاری ہوئے جو 2006 کے بعد کسی بھی ورلڈکپ میچ میں سب سے زیادہ ریڈ کارڈز کا نیا ریکارڈ ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کا یہ افتتاحی میچ میکسیکو کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق رات تقریباً 12 بجے شروع ہوا۔
میکسیکو نے میچ کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں کیا۔ میچ کے 9ویں منٹ میں جولین کوئنز نے شاندار گول کر کے میکسیکو کو 0-1 کی برتری دلائی اور ہوم کراؤڈ کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔
دوسرے ہاف میں میزبان میکسیکو کے تابڑ توڑ حملوں کے سامنے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی دباؤ میں نظر آئے۔
میچ کے 66ویں منٹ میں میکسیکو کے تجربہ کار اسٹرائیکر راؤل جیمنیز نے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت پر مہر لگا دی۔
میچ کے اختتام تک جنوبی افریقہ کی ٹیم کوئی گول اسکور نہ کر سکی اور اس کا ٹورنامنٹ کے پہلے اپ سیٹ کا خواب بھی ادھورا رہ گیا۔
یہ مقابلہ میکسیکو سٹی کے مشہور اسٹیڈیم ایسٹادیو آزٹیکا میں منعقد ہوا، جو دنیا کا پہلا اسٹیڈیم بن گیا ہے جس نے تین بار (1970، 1986 اور 2026) ورلڈکپ کے افتتاحی میچوں کی میزبانی کی ہے۔
اس افتتاحی میچ میں مجموعی طور پر 3 کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر بھیجا گیا۔ یہ 2006 کے بعد کسی بھی ورلڈکپ میچ میں سب سے زیادہ ریڈ کارڈز کا ریکارڈ ہے جبکہ 2022 میں ہونے والے ورلڈکپ کے پورے ایونٹ میں صرف 4 ریڈ کارڈز جاری ہوئے تھے۔
جنوبی افریقہ کے دو کھلاڑیوں، یایا سیتھول اور تھمبا زوانی کو سنگین فاؤلز پر ریڈ کارڈ ملے۔
میچ کے بالکل آخری لمحات (92ویں منٹ) میں میکسیکو کے اہم ڈیفینڈر سیزر مونٹیس کو بھی ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔
ورلڈکپ 2026 میں میچ کے دوران ”ہائیڈریشن بریک“ کے نام سے نیا وقفہ متعارف کرایا گیا ہے۔ جس کے تحت تیز دھوپ اور گرمی کی وجہ سے کھلاڑیوں کے لیے ہر ہاف کے 22ویں منٹ پر 3 منٹ کا ہائیڈریشن بریک رکھا گیا ہے، جو اس ورلڈکپ کا ایک لازمی حصہ ہے۔
میچ سے قبل عالمی شہرت یافتہ اسٹار شکیرا اور مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ دکھایا اور رنگارنگ تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
دیگر میزبان ممالک کینیڈا اور امریکا اپنی مہم کا آغاز بالترتیب جمعہ اور ہفتہ کو کریں گے، جہاں ان کے میچز سے قبل بھی افتتاحی تقریبات منعقد ہوں گی۔
ارجنٹینا دفاعی چیمپئن کے طور پر ٹورنامنٹ میں شریک ہے۔ اس نے قطر 2022 میں ٹائٹل جیتا تھا اور اپنے پہلے میچ میں الجزائر کا سامنا کرے گا۔
















