مسلسل 5 میڈن اوورز میں 5 وکٹیں، ویسٹ انڈیز کے بولر کا ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ
ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز نے پاکستان کے خلاف ٹراؤبا میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
32 سالہ ویسٹ انڈین کرکٹر جسٹن گریوز ریکارڈ شدہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں مسلسل 5 میڈن اوورز میں وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے ہیں۔
انہوں نے 27 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جو ان کے ٹیسٹ کیریئر میں پہلا موقع ہے جب انہوں نے ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کی ہوں۔
پاکستان ایک مرحلے پر 244 رنز پر صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر مضبوط پوزیشن میں تھا اور شان مسعود 109 رنز بنا چکے تھے تاہم گریوز نے پہلے شان مسعود کی اہم وکٹ حاصل کی اور پھر بغیر کوئی رن دیے عامر جمال، علی عثمان، محمد رضوان اور محمد عباس کو آؤٹ کر کے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔
بظاہر مضبوط پوزیشن میں نظر آنے والی پاکستان کی پوری ٹیم 282 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور پہلی اننگز میں 29 رنز کے خسارے میں رہی۔
میچ کے بعد جسٹن گریوز نے کہا کہ کپتان روسٹن چیز نے انہیں نظم و ضبط کے ساتھ بولنگ جاری رکھنے کا مشورہ دیا تھا جس کا انہیں بھرپور فائدہ ملا۔
تیسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے تھے اور اسے پاکستان کے خلاف مجموعی طور پر 155 رنز کی برتری حاصل تھی۔
















