تربت میں مسلح افراد نے گاڑی سے اتار کر 7 مزدوروں کو اغوا کر لیا
بلوچستان کے ضلع تربت میں مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران گاڑی سے اتار کر 7 مزدوروں کو اغوا کر لیا ہے جب کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق منگل کے روز تربت کے علاقے کلاتک میں مسلح افراد نے ناکہ بندی کر کے ایک گاڑی کو روکا اور اس میں سوار 7 غیر مقامی مزدوروں کو زبردستی اتار کر اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے مقامی راہگیر عبدالرزاق جاں بحق ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے کچھ دیر بعد سورگ کے مقام سے ایک غیر مقامی مزدور کی گولی لگی لاش برآمد ہوئی تاہم دیگر اغوا کیے گئے مزدوروں کی تلاش جاری ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جب کہ اغوا کاروں کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔















