محکمہ موسمیات کی کراچی میں گردآلودزہریلی ہوائیں چلنے کی تردید

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2020 08:55am
فائل فوٹو

کراچی :محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں گرد آلود زہریلی ہوائیں چلنے کی تردید کردی،  البتہ کراچی میں تین دن بعد سردی نئی لہر آنے کا امکان ہے۔

 کراچی میں سیاسی افواہوں کے بعد اب شہر کا موسم  بھی افواہوں کی زد میں آگیا، زہریلی ہوائیں چلنے کی افواہ سوشل میڈیا پر چلنے لگی۔

 جی ہاں ! گزشتہ شب سوشل میڈیا پر چلنے والی ان  افواہوں نے کہ شہر میں آج سے زہریلی گرد آلود ہوائیں چلیں گی شہریوں کو خوف میں مبتلا کردیا ۔

محکمہ موسمیات نے زہریلی گرد آلود ہوائیں چلنے  کی خبر کی تردید کردی۔ ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کا  کہنا تھا شہری ایسی کسی بھی افواہ پر کان نہ دھریں ۔

 محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر نے بتایا  البتہ شہر میں سردی کی ایک اور لہر 27 جنوری سے آنے کا امکان ہے شمال مشرق سے تیز ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 11ڈگری  سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شمال مشرق سے 10کلومیٹر فی گھنٹہ  کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران  موسم سرد اور خشک رہے گا۔