بےنظیر انکم سپورٹ کرپشن میں ملوث سرکاری ملازمین کیخلاف کارروائی کی ہدایت

شائع 29 جنوری 2020 04:50pm

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبرنے کہا ہے کہ بے نظیر انکم ‏سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری ملازمین کے خلاف ایف آئی اے ‏کاروائی کرے گا۔ملازمین کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر عظم کے معاون خصوصی احتساب ‏شہزاد اکبر نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے سرکاری افسران اور ان ‏کی بیگمات نے فائدہ اٹھایا۔یہ پروگرام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے ‏والوں کےلئےتھا۔افسوس کہ یہ پروگرام بھی کرپشن کی نذر ہو گیا۔

شہزاد اکبرنے کہا کہ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری ملازمین کے ‏خلاف ایف آئی اے کاروائی کرےگا۔ ملوث ملازمین کے خلاف کارروائی کےلئے ‏ایف آئی اے کوتحقیقات کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

شہزاد اکبرکا کہنا تھا کہ مجموعی طور پرمختلف گریڈز کے ایک لاکھ 40 ‏ہزار سرکاری ملازمین نے بی آئی ایس پی سے فائدہ اٹھایا۔پروگرام سے فائدہ ‏اٹھانے والوں میں چاروں صوبوں،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاوہ وفاقی ‏کے ملازمین بھی شامل ہیں۔