‘بھارت مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں جل رہا ہے’

اپ ڈیٹ 23 فروری 2020 10:49am
فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ  بھارت مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں جل رہا ہے، بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کو روندا جا رہا ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا اپنے ایک ٹویٹ میں کہنا تھا  کہ 23 فروری یوم مزاحمت نسواں مقبوضہ  کشمیر میں بھارتی مظالم کا سیاہ ترین دن ہے،  بھارتی قابض افواج نے نہتی اور بے یار و مددگار خواتین کی اجتماعی بےحرمتی کی بھیانک مثال قائم کی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بہادر کشمیری خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھی ہے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ بھارتی ظلم کشمیریوں کے صبر و استقلال اور استقامت سے شکست کھا چکا ہے،کوئی جبر واستبداد انہیں حق خودارادیت کی منزل سے دور نہیں کر سکتا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی ان بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے شوہروں کو آزادی کشمیر پر قربان کردیا ،ان ماؤں  کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،جہنوں نے اپنے لخت جگر واردیئے۔

 معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں خود بھارت جل رہا ہے، بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کو روندا جا رہا ہے،بھارتی مرد وخواتین سڑکوں پر احتجاجا موجود ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شاہین باغ کا احتجاج 60ویں دن میں داخل ہوچکا ہے ، ہزاروں خواتین مودی کے کالے امتیازی قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔