Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

نوازشریف سے متعلق عدالتی فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے،وزیراعظم کی ہدایت

اپ ڈیٹ 17 نومبر 2019 06:13pm
وزیر اعظم عمران خان-فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے اپنی قانونی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ  سابق وزیراعظم نوازشریف سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے کررپورٹ کابینہ میں پیش کرے۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی غیر مشروط اجازت ملنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان سے حکومتی قانونی ٹیم نے رابطہ  کیا ہے۔

وزیراعظم نےقانونی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ نوازشریف سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیا جائےاورقانونی ٹیم فیصلے کا جائزہ لے کر وفاقی کابینہ اجلاس میں رپورٹ پیش کرے۔

عمران خان نے قانونی ٹیم کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ نواز شریف سے متعلق عدالت کے فیصلے کے تمام قانونی پہلوؤں پرمشاورت کریں  اور کابینہ اجلاس میں اراکین کوتفصیلی طورپرآگاہ کرے ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ فیصلے سے متعلق حکومتی لائحہ عمل کابینہ اجلاس میں طے کیا جائے گا جبکہ وزیر اعظم کابینہ اراکین سے رائے بھی لیں گے ۔

عدالتی فیصلے پرحکومتی حکمت عملی آئندہ کابینہ اجلاس میں طے ہوگی ، فیصلے کے خلاف اپیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کو باہر جانے دیا جائےیانہیں اس کا حتمی فیصلہ منگل کے روز وفاقی کابینہ کرے گی۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران کان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کرلیا،نوازشریف کی بیرون ملک روانگی پرعدالتی فیصلے کا جائزہ لیاجائےگا۔

اجلاس میں فیصلے کے قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دی جائے گی،ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال بھی اجلاس میں زیر بحث آئے گی۔

دوسری جانب نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا تحریری فیصلہ وزارت داخلہ کو ابھی تک موصول نہیں ہوسکا۔

ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلہ موصول ہونے پر ہی نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔