کپل بمقابلہ کرشنا ۔۔ کون دیکھے گا کامیڈی نائٹ؟

اپ ڈیٹ 26 جنوری 2016 11:44am

kapil0000000000000

ممبئی:بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے مقبول ترین پروگرام کامیڈی نائٹ ود کپل کے بند ہونے کی خبرسن کر کپل کے مداحوں کا برا حال ہے،کلرز چینل کے مالک کا کہنا ہے کہ اب یہ شو کپل کی جگہ کرشنا کریں گے۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کے مقبول مزاحیہ شو کامیڈی نائٹ ود کپل کا اختتام ہورہا ہے،گزشتہ کچھ عرصے سے شو کے بند ہونے کی خبر یں میڈیا پر گردش کررہی ہیں جن کی وجہ سے کامیڈی نائٹ کے مداح نا خوش ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب کامیڈی نائٹ بند نہیں ہو رہا بلکہ کپل کی جگہ شو کی میزبانی کرشنا ابھیشیک کو سونپی گئی ہے۔

کلرز چینل کے سی ای او ،راج نائیک کا کہنا ہے کہ شو چینل کی پراپرٹی ہے اس پر کپل کا اختیار نہیں ہے اگر کپل شو چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں تو ان کی مرضی لیکن یہ شو بند نہیں ہوگا،ہم نے شو کو مزید آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اب اس کی میزبانی معروف کامیڈین کرشنا کریں گے۔

انہوں نے اس بارے میں مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کپل کے جانے کا بے حد افسوس ہے،کپل نہایت ذہین اور غیر معمولی صلاحتیوں کے مالک انسان ہیں،میں امید کرتا ہوں کہ ان کا کیرئیر مزید آگے بڑھے گا اور وہ مزید شہرت حاصل کریں گے۔

واضح رہے کہ عوام کے پسندیدہ پروگرام کامیڈی نائٹ کی آخری قسط چوبیس جنوری کو نشر کی جائے گی،لیکن شو یہاں ختم نہیں ہورہا بلکہ اب کپل کی جگہ کرشنا پروگرام کو آگے بڑھائیں گے ۔

کرشنا کپل کے گھر میں نئے کرائے دار کی حیثیت سے آرہے ہیں ،پہلی قسط میں کرشنا بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے مشہور کردار تلسی کے روپ میں لوگوں کو ہنسائیں گے،شو رواں ماہ اکتیس جنوری دو ہزار سولہ کو نشر کیا جائے گا۔