سری دیوی کے جسم میں شراب نوشی کے اثرات، پوسٹ مارٹم رپورٹ

شائع 26 فروری 2018 02:58pm
File Photo File Photo

ممبئی : معروف بولی وڈ اسٹار سری دیوی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کی موت شراب نوشی کے باعث باتھ ٹب میں گر کر ڈوبنے کو قرار دیا گیا ہے۔

اماراتی میڈیا میں سری دیوی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے جسم میں شراب نوشی کے ذرات پائے گئے ہیں۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سری دیوی شراب کے زیر اثر اپنا توازن کھوبیٹھیں اور باتھ ٹب میں ڈوب کر اپنی زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھیں۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد اس کیس کی فائل پبلک پروسیکیوشن کے حوالے کردی گئی ہےتاکہ دیگر ضروری اقدامات کیے جاسکیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد دبئی پولیس نے موت کی وجہ ہوش کھونے کے بعد باتھ ٹب میں ڈوبنے کو قرار دیا گیا ہے ۔

دبئی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس حوالے سے کیس کی فائل دبئی پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردی گئی ہے۔

امارات کی وزارت صحت نے بھی سری دیوی کی موت کی وجہ حادثاتی طور پر ڈوبنے کو قرار دیا ہے۔ اب غالب امکان ہے کہ دیگر کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد سری دیوی کے میت کو بھارت پہنچایا جائے گا۔ بھارتی حکام اور دیگر اہلخانہ دبئی حکام کی جانب سے کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے منتظر ہیں۔

Source: Zee News