کنگ خان کے مداحوں کیلئے بری خبر

اپ ڈیٹ 04 فروری 2016 08:46am

shahrukh111111111

ممبئی:بولی وڈ کے کنگ خان ان دنوں سخت پریشان ہیں اور اس کی وجہ ہے ان کا گزشتہ سال عدم برداشت کے خلاف دیا گیا بیان۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فلمی انڈسٹری کے معروف اداکار شاہ رخ خان اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ کی نئی آنے والی فلم رئیس کی شوٹنگ بھارتی انتہا پسند وں نے رکوادی ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہ رخ اور ماہرہ ان دنوں اپنی نئی فلم رئیس کی شوٹنگ کے لئے گجرات میں موجود ہیں،شاہ رخ کے گزشتہ سال بھارت میں عدم برداشت کے حوالے سے دئے گئے بیان پر انتہا پسند ہندوﺅں میں اب بھی بہت غصہ پایا جاتا ہے۔

فلم رئیس کے خلاف انتہا پسند وں نے گجرات میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور شاہ رخ کے پوسٹرز بھی نظر آتش کئے،اس کے علاوہ انہوں نے فلم کی شوٹنگ بھی رکوادی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال شاہ رخ نے بھارت میں جاری عدم برداشت کے خلاف اپنی آواز بلند کی تھی جس کا انتہا پسند وں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا ،یہاں تک کہ ہندوﺅں کی جانب سے انہیں بھارت چھوڑ کر پاکستان میں رہنے کا مشورہ بھی دیا گیا تھا۔