شاہ رخ خان کی جانب سے ٹھکرائی جانے والی 7 بلاک بسٹر فلمیں

شائع 02 جولائ 2018 10:58am

srk

بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر کے دوران بولی وڈ کو متعدد بلاک بسٹر فلمیں فراہم کیں۔ تاہم وہیں کچھ ایسی فلمیں بھی ہیں جو شاہ رخ خان کو آفر تو ہوئیں مگر انہوں نے ان فلموں کو ٹھکرادیا اور بعد میں وہ بلاک بسٹر ثابت ہوئیں۔

آج ہم آپ کو شاہ رخ خان کی جانب سے ٹھکرائی جانے والی ان فلموں کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جو دوسرے اداکاروں کے لئے خوش قسمتی کی علامت ثابت ہوئیں اور خوب ہِٹ ہوئیں۔

ایک تھا ٹائیگر

Ek Tha Tiger

کیا آپ جانتے ہیں سلمان خان سے قبل 'ایک تھا ٹائیگر' شاہ رخ خان کو آفر ہوئی تھی؟ جی ہاں! آپ نے صحیح سنا یہ فلم سلمان خان سے قبل شاہ رخ خان کو آفر ہوئی تھی، انہیں اسکرپٹ بھی بے حد پسند آیا مگر تاریخوں کا کچھ مسئلہ تھا جس پر انہوں نے اس فلم کو چھوڑ دیا اور یہ کردار سلمان خان کو مل گیا۔

تھری ایڈیٹس

3 Idiots

لگان اور رنگ دے بسنتی کے بعد تھری ایڈیٹس وہ تیسری فلم تھی جسے ٹھکرانے کا پچھتاوا شاہ رخ خان کو ساری زندگی رہے گا۔ یہاں بھی شاہ رخ خان کو تاریخوں کے مسائل کی وجہ سے ہی پیچھے ہٹنا پڑا تھا۔ شاہ رخ خان کا پیچھے ہٹنا عامر خان کو فائدہ دے گیا اور یہ فلم بھی بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔

منا بھائی ایم بی بی ایس

Munna bhai MBBS

ذرا سوچیئے شاہ رخ خان اگر منا بھائی ایم بی بی ایس میں منا بھائی کا کردار نبھاتے تو کیسا لگتا؟ جی ہاں ایسا ہو بھی سکتا تھا کیونکہ اس فلم میں مرکزی کردار کے لئے بھی پہلے شاہ رخ خان سے رابطہ کیا گیا تھا جبکہ سنجے دت کو اس فلم میں ظہیر کا کردار ادا کرنا تھا۔ لیکن جیسے ہی شاہ رخ خان نے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کیا تو یہ موقع سنجے کے ہاتھ لگ گیا جسے انہوں نے دونوں ہاتھوں سے تھام لیا۔

لگان

Lagaan

بولی وڈ فلم لگان کو ہم جب بھی دیکھتے ہیں تبھی ایک دلچسپی پیدا ہوجاتی ہے۔ اگر یہ بات کہی جائے کہ عامر خان یہ فلم ٹھکرانے پر شاہ رخ خان کا شکر ادا کر ہی نہیں سکتے  تو غلط نہ ہوگا۔ جی ہاں! عامر خان کے کیریئر کی سب سے کامیاب فلم لگان بھی پہلے شاہ رخ خان کو ہی آفر ہوئی تھی مگر ان کے فلم سے انکار کے بعد یہ موقع عامر خان کو مل گیا۔

کہو نہ پیار ہے

Kaho Na Pyaar Hai

ہریتک روشن کی ڈیبیو فلم کہو نہ پیار ہے بھی پہلے شاہ رخ خان کو آفر ہوئی تھی تاہم انہوں نے اسکرپٹ میں دلچسپی نہ لی اور انکار کردیا جس کے بعد ہریتک کی قسمت کا تارہ چمک اٹھا۔

جودھا اکبر

Jodha Akhbar

بولی وڈ حلقوں میں یہ افواہیں بھی گردش کرتی ہیں کہ فلم جودھا اکبر کے لئے ہریتک سے قبل شاہ رخ خان کو اس کردار کی پیشکش ہوئی تھی۔ لیکن شاہ رخ خان نے ٹف شیڈول اور شوٹنگ کی لوکیشن دور ہونے کی وجہ سے یہ آفر بھی ٹھکرادی۔

رنگ دے بسنتی

Rang De Basanti

شاہ رخ خان نے رنگ دے بسنتی کو ٹھکرا کر عامر خان کو ایک اور بہترین تحفہ دیا۔ عامر خان نے شاہ رخ کے انکار کے بعد دونوں ہاتھوں سے اس ہاتھ آئی آفر کو دبوچ لیا۔