خوبصورت آنکھیں چاہئیں تو ان باتوں پر عمل کریں۔۔۔

شائع 10 فروری 2016 03:28pm

ee2

آنکھیں کسی کے دل میں جگہ بنانے کا راستہ ہوتی ہیں یہ جتنی خوبصورت ہوتی ہیں انسان اتنا ہی پُر کشش لگتا ہے اسی لئے آنکھوں کی دیکھ بھال کے لئے انسان کو ہمیشہ منا سب غذا کا استعمال اور اس کی دیکھ بھال کرنی چاہئے۔ آج ہم جو آپ کو بتانے جا رہے ہیں وہ تمام غذائیں اور طریقے آپ کی آنکھوں میں مزید خوبصورتی پیدا کر دیں گی اور آپ کو پہلے سے بھی زیادہ خوبصورت بنا دیں گی۔

آنکھوں کی اچھی بینائی اور ان کی خوبصورتی کے لئے ماہرین وٹامن اے، بی ٹو، سی اور ڈی کی مناسب مقدار کو نہایت ضروری بتاتے ہیں کیونکہ اگر وٹامن بی ٹو کی کمی ہوجائے تو آپ کی آنکھیں سرخ ہوکر کافی درد میں مبتلا ہوجاتی ہیں اور ان میں سے پانی بہنے لگتا ہے اسی طرح اگر باقی وٹامنز کی کمی ہوجائے تو ان سے بھی آنکھوں کو کافی نقصان پہنچتا ہے۔

گاجر اور پالک میں وٹامن اے کی مناسب مقدار ہوتی ہے جو آپ کی آنکھوں کے لئے بہت ضروری ہے ۔اسی طرح سلاد، مچھلی، اورنج، ہرے پتوں والی سبزیاں، مکھن اور مختلف پھل بھی آنکھوں کے لئے انتہائی مفید ہیں ان میں جو وٹامنز موجود ہوتے ہیں وہ آنکھوں کو شفاف اور چمکدار بنانے میں بڑا کردار ادا کرتے ہیں ان تمام چیزوں کے استعمال سے انسان کم روشنی اور تاریکی میں بھی دیکھنے کی صلاحیت کا حامل ہوجاتا ہے۔

پڑھنے لکھنے والے ،رائٹرز اور کمپیوٹر پر کام کرنے والوں کو آنکھوں کی دیکھ بھال کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے ان کو ایسی جگہ بیٹھ کر کام کرنا چاہئے جہاں تیز روشنی کاانتظام ہو۔ مسلسل کام کے دوران وقفے وقفے سے آنکھوں پر ہاتھ رکھنے چاہئیں اور کچھ دیر بعد ہاتھ ہٹا کر آنکھیں کھولنی چاہئیں تاکہ اضافی روشنی خارج ہوجائے۔

آنکھوں کی صفائی اور ان کی دیکھ بھال کے لئے عرقِ گلاب کا دن میں دو سے تین بار استعمال نہایت سود مند ہے آنکھوں کی جلن اور معمولی تکلیف میں بھی اس سے بہت فائدہ حاصل ہوتا ہے ۔روزانہ دن کا آغاز فیس واش سے کریں اور آنکھوں پر ٹھنڈے پانی کے چھینٹے بھی ماریں اس سے آنکھوں کو ٹھنڈک اور تازگی ملتی ہے ۔

اگر ان تمام باتوں پر عمل کیا جائے تو آپ کی آنکھیں ہمیشہ چمکدار اور شفاف رہیں گی اور ان کی خوبصورتی ہمیشہ برقرار رہے گی۔