صاف پانی اسکینڈل، راجہ قمر کا جوڈیشل ریمانڈ

شائع 13 اگست 2018 06:28pm

filterimage

لاہور:  لاہور کی احتساب عدالت نے صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں ملوث سابق چیئرمین راجہ قمرالاسلام اور سابق سی ای او وسیم اجمل کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

 احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے صاف پانی کمپنی میں مبینہ کرپشن کیس کی سماعت کی۔

کمپنی کے سابق چیئرمین راجہ قمرالاسلام اور سابق سی ای او وسیم اجمل کو سات روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔ عدالت نے راجہ قمرالاسلام اور وسیم اجمل کو چودہ روز کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ستائیس اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ صاف پانی کمپنی کے سابق چیئرمین راجہ قمرالاسلام اور سابق سی ای او وسیم اجمل پر الزام ہے کہ انہوں نے چوراسی واٹر ٹریٹمنٹ اور ایک سو دو واٹر فلٹریشن پلانٹس کے غیر قانونی طور پر مہنگے داموں ٹھیکے دیئے ہیں۔