شاہ رخ کی فلمیں لوگوں کواغواءکرنے کا سبب۔۔
ممبئی:بولی وڈ کے کنگ خان بہت سے نوجوانوں کے آئیڈیل ہیں ،لوگ ان کی طرح بننا چاہتے ہیں اسلئے بعض اوقات وہ ایسی حرکتیں کر گزرتے ہیں کہ عقل حیران رہ جاتی ہے،کچھ ایسا ہی ہوا بھارت کے علاقے غازیہ آباد میں۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ جمعرات کو پانچ لوگوں نے چوبیس سالہ بزنس وومن دیپتی سرنا کو اس وقت اغواءکرلیا جب وہ اپنے گھر جا رہی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ملزم دیپتی سے محبت کرتا ہے اور اسی لئے ا س نے یہ کارروائی انجام دی،ملزم تاحال پولیس کی حراست میں ہے ،تفتیش کے دوران ملزم کا کہنا تھا کہ اس نے پہلی بار دیپتی کو رویندر چوک میٹرو اسٹیشن پر دیکھا تھااور پچھلے چودہ مہینے سے وہ اس کا پیچھا کررہا ہے۔
پولیس کی مزید پوچھ تاچھ کے دوران اس کا کہناتھا کہ وہ انیس سو تیرانوے میں ریلیز ہوئی شاہ رخ کی فلم ڈر سے بہت زیادہ متاثر تھا ،اور یہ ہی فلم دیکھ کر اس نے لڑکی کے اغواءکا پلان بنایا ۔
پلان پر عمل درآمد کرنے کیلئے اس نے اپنے گاﺅں سے مزید چار دوست بلائے تاکہ وہ کارروائی کو اچھی طرح انجام دے سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے لڑکی کے ساتھ کوئی بدتمیزی نہیں کی بلکہ اس کے کھانے پینے کا اچھی طرح خیال رکھا ، گرفتار ہونے والے مزید دو ملزمان کا کہنا تھا کہ جس طرح فلم ڈر میں شاہ رخ خان جوہی چاولہ سے محبت کرتا ہے ہمارا دوست بالکل اسی طرح دیپتی سے محبت کرتا ہے۔
متاثرہ لڑکی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ سب میرے لئے ایک برے خواب جیسا تھا ،میں نہیں چاہتی جس طرح میرے ساتھ ہوا کسی اور لڑکی کے ساتھ ہو۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔