پنجاب :وزیر قانون کی پھٹان کوٹ حملہ کا مقدمہ درج ہونے کی تصدیق

شائع 19 فروری 2016 01:39pm

ranasanalluah_image

لاہور :وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ ائیر بیس حملے کے درج کئے جانیوالے مقدمے میں بھارت کی جانب سے ملنے والی معلومات کو بنیاد بنایا گیا ہے،مسعود اظہر سمیت کسی بھی شخصیت کیخلاف ٹرائل تفتیش کے بعد ہی ہوگا۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ پٹھان کوٹ حملے کا مقدمہ بھارت کی جانب سے دیئے جانیوالے کچھ ٹیلی فون نمبرز کو ٹریس کرتے ہوئے درج کیا گیا ہے،یہ بالکل ابتدائی معلومات ہیں،غیر رسمی طور پر اس معاملے کی تحقیقات کیلئے پہلے بھی ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے،لیکن اس کیساتھ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے،جس میں پاکستانی اور بھارتی انویسٹی گیشن آفیسرز شامل ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران ٹیم کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ مسعود اظہر سمیت کسی بھی شخص کو شواہد ملنے پر شامل تفتیش کرسکیں۔بھارت کو مزید معلومات فراہم کرنے کا بھی کہہ دیا ہے۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پٹھان کوٹ حملے کے مقدمے کا اندراج یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان معاملے کی تہہ تک پہنچنے میں کتنا سنجیدہ ہے،دنیا کیساتھ ساتھ بھارت کو بھی پاکستان سے متعلق اپنے شکوک و شبہات ختم کرنا ہونگے،خطے سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں تو ملکر کام کرنا ہوگا،بھارت کو بھی چاہئیے کہ بلوچستان میں مداخلت اور باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بارے میں ایسے ہی اقدامات کرے،تاکہ خطہ امن کا گہوارہ بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ نندی پور پراجیکٹ ہو یا میٹرو بس نیب کی طرف سے کی جانیوالی ہر کارروائی کو خوش آمدید کہا جائیگا،مگر یہ انکوائری ایسی نہ ہو جس سے فارن انویسٹمنٹ رک جائے۔