سنجے دت کو رہائی مل گئی

شائع 25 فروری 2016 09:23am

actor-sanjay-dutt-set-to-walk-out-of-yerawada-jail-on-february-27

بالی ووڈ کے کھل نایک کے نام سے مشہور اداکار سنجے دت غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں بیالیس ماہ کی قید کاٹنے کے بعد جیل سے رہا ہوگئے ہیں، ان کی نئی فلم منا بھائی تھری پر کام جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔

بالی ووڈ کے کھل نائک سنجے دت اب کھل نایک نہیں رہے، اچھے چال چلن کی بدولت انہیں قید سے رہائی مل گئی ہے۔سنجے دت کو انیس سو ترانوے میں ممبئی فسادات کے دوران غیر قانونی اسلحلہ رکھنے کے الزام میں اکیس مارچ دو ہزار تیرہ کو پانچ سال کی سزا سنائی گئی تھی۔

سنجے دت نے انیس سو چھیانوے میں اٹھارہ ماہ قید کاٹی اور ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔ دو ہزار تیرہ میں سپریم کورٹ نے سنجے دت کو پانچ برس قید کی سزا سنائی تاہم اس کے قید کی مدت میں اٹھارہ ماہ پہلے بھی شامل کرلئے۔ سولہ مئی مئی دو ہزار تیرہ کو سنجے دت نے گرفتاری دے دی تھی۔

جیل میں منا بھائی نے نہ صرف قیدیوں کا کھانا ، کاغذ کے تھیلے اور روز مرہ کی دوسری اشیا بنائیں بلکہ جادو کی جھپیاں بھی دیں
اچھے چال چلن کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر کے محکمہ داخلہ نے ان کی سزا میں ایک سو تین دن کی کمی کردی تھی۔ سزا مکمل ہونے کے بعد سنجو بابا ایک بار پھر آزاد انسان ہیں، رہائی پر ان کی اہلیہ اور منا بھائی سیریز کے ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے ان کا استقبال کیا۔

دوران قید سنجے دت کی دو فلمیں ریلیز ہوئیں، ایک ضلع غازی آباد جو باکس آفس پر ناکام ہوگئی جبکہ عامر خان کے ہمراہ فلم پی کے نے کامیابی کے نئی ریکارڈز قائم کئے تھے۔

ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے منا بھائی کا تیسرا سیکوئل بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، سنجے دت کی رہائی کے بعد اس پروجیکٹ پر تیزی سے کام کی توقع ہے۔