Aaj News

ہفتہ, مئ 11, 2024  
02 Dhul-Qadah 1445  

آئی ایس آئی کو فیض آباد دھرنا کیس فیصلے پر تحفظات، نظرثانی اپیل دائر

شائع 12 اپريل 2019 03:48pm

scpimagee

آئی ایس آئی نے سپریم کورٹ کے فیض آباد دھرنا از خود نوٹس کیس  کے 6 فروری کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نظر ثانی درخواست دائر کر دی ہے۔

پاک فوج کے انٹیلیجنس ادارے نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ فیصلے کی وجہ سے آرمڈ فورسز کی ساکھ کو سخت نقصان پہنچا ہے۔

آئی ایس آئی نے درخواست میں واضح کیا ہے کہ پاک فوج میں حلف کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس ہے۔ اگر ایسا کوئی الزام ہو تو اس کی تفتیش کی جاتی ہے۔ درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ 6 فروری کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔

اٹارنی جنرل آف پاکستان کے ذریعے دائر کی جانے والی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے میں دی گئی آبزرویشن سے ایسا لگتا ہے کہ آرمڈ فورسز نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ جیو اور ڈان ٹی وی کی نشریات بند کرنے سے متعلق فیصلے میں آبزرویشن بھی بے بنیاد ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئی ایس آئی کیسے بتا سکتی تھی کہ تحریک لبیک پاکستان کا زریعہ آمدنی کیا ہے۔ یہ ہمارا دائرہ اختیار نہیں تھا جو عدالت پوچھتی رہی۔

عدالت نے مختلف ممالک کے حساس اداروں کا فیصلے میں ذکر کیا ہے لیکن حالات کا تذکرہ نہیں کیا۔

درخواست میں آئی ایس آئی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فورسز تنقید اور مخالف پروپیگنڈا پر دشمنوں کو جواب دے سکتی ہے لیکن جب عدالت کی جانب سے ایسی آبزرویشن آتی ہیں تو ملک کے دشمنوں کے خلاف آرمڈ فورسز اپنا دفاع نہیں کرسکتیں۔

فیصلے میں کہی گئی باتیں بے بنیاد اور آرمڈ فورسز کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔ آرمی چیف کو ایکشن لینے کی ہدایات بھی واضح نہیں لہذا ان پر عمل کیسے ہو۔ پاک فوج کے ترجمان کا بیان کہ تاریخ ثابت کرے گی کہ آیندہ انتخابات صاف شفاف ہونگے کو حقائق سے ہٹ کر میڈیا پر پیش کیا گیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیصلے میں رینجرز اہلکار کے دھرنا مظاہرین کو پیسے دینے کا ذکر ہے جس کے حالات کا جائزہ نہیں لیا گیا۔

یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا ہے کہ ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان معاہدہ ہوا تو مظاہرین نے کہا کہ گھر واپس جانے کے پیسے نہیں۔ حکومت اور مظاہرین کے معاہدے کو سامنے رکھتے ہوئے ان مظاہرین کو گھر واپس جانے کے پیسے دیے گئے۔ جن مظاہرین کے خلاف مقدمات درج نہ ہوئے اور وہ اپنے گھروں کو واپس چلے گئے۔ عدالت اس پہلو کا جائزہ نہیں لے سکی۔

آئی ایس آئی نے درخواست میں واضح کیا ہے کہ پاک فوج میں حلف کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس ہے، اگر ایسا کوئی الزام ہو تو اس کی تفتیش کی جاتی ہے، عدالت نے آئین کی شق 184/3 کا استعمال مناسب نہیں کیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فیصلے پر نظرثانی کرکے آئی ایس آئی اور آرمڈ فورسز کے خلاف دی گئی آبزرویشنز کو کالعدم قرار دیا جائے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div