Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
09 Dhul-Qadah 1445  

محمد عامر پر تنقید، اہلیہ نرجس نے ناقدین کو کھری کھری سنادی

شائع 01 اگست 2019 02:24pm

narjisamir

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر محمد عامر پر ہونے والی تنقید کا جواب دینے ان کی اہلیہ نرجس عامر میدان میں کود پڑیں۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ لینے پر محمد عامر کو متعدد سابق کرکٹرز اور کرکٹ شائقین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔

جس کی وجہ مختلف میڈیا رپورٹس میں گردش کرنے والی وہ خبریں ہیں جن میں کہا جارہا ہے کہ وہ برطانیہ کی شہریت حاصل کرکے وہیں سے اپنا کرکٹ کیریئر بنانا چاہتے ہیں۔

تاہم اس معاملے پر اب ان کی اہلیہ نرجس خود میدان میں کود پڑی ہیں اور اپنے شوہر سے متعلق تمام افوہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ 'ہمیں کسی کو اپنے فیصلے پر وضاحت دینے کی ضرورت نہیں ہے سوائے ان لوگوں کے جو کہ میرے شوہر عامر کی پرواہ کرتے ہیں اور انہیں سپورٹ کرتے ہیں، محمد عامر کو انگلینڈ یا کسی اور ملک کیلئے کھیلنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے وہ پاکستانی ہیں اور انہیں اس پر فخر ہے'۔

اپنی ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ 'عامر پاکستان کی نمائندگی کرنے سے محبت کرتے ہیں اور اس کیلئے کھیلنے پر فخر کرتے ہیں، اور اگر ہماری بیٹی منسا بھی کرکٹ کھیلنا چاہے گی تو وہ اپنے والد کی طرح پاکستان کی ہی نمائندگی کرے گی اور عامر کی بھی یہی خواہش ہے'۔

نرجس نے اپنی ٹویٹ میں واضح کیا کہ 'عامر نے صرف ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ لی ہے کرکٹ سے نہیں، انہوں نے ایسا اس لئے کیا تاکہ وہ ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی کرکٹ کو مزید وقت دے سکیں اور ملک کا نام روشن کریں جیسا وہ پہلے کرتے رہے ہیں، میں تمام منفی سوچ رکھنے والوں کیلئے امن کی خواہش رکھتی ہوں، اللہ آپ کو مثبت سوچ عطا فرمائے'۔

واضح رہے گزشتہ کئی دنوں سے محمد عامر کے متعلق یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ وہ مستقل بنیادوں پر برطانیہ کی شہریت حاصل کرنا چاہتے ہیں اور وہیں رہنا چاہتے ہیں۔

ایک رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ محمد عامر نے اسپاؤز ویزا (جو بیوی کی شہریت کی بنیاد پر دی جاتی ہے) کیلئے درخواست دی ہے۔ ابتدا میں ویزے کا دورانیہ 30 ماہ ہوتا ہے لیکن بعد میں اگر ویزا حاصل کرنے والا طے شدہ معیار پر پورا اترتا ہے تو اسے مستقل شہریت مل جاتی ہے۔