حکومت کو بیرون ملک محصور ہم وطنوں کی تکالیف کا احساس ہے،وزیرخارجہ

اپ ڈیٹ 10 اپريل 2020 10:15am
فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کو بیرون ملک محصور ہم وطنوں کی تکالیف کا احساس ہے، سمندر پار 35ہزارسے 40ہزار پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں واپس لایا جائے گا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے نام پیغام میں کہا کہ Covid-19 کی صورت میں ایک ناگہانی آفت نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور یہ مسئلہ تاحال بڑھ رہا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ 21 مارچ کو پاکستان کی فضائی حدود کو ہر طرح کی ہوائی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا ،جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں پاکستانی ہوائی اڈوں پر محصور ہو گئے، زیادہ تشویش ہمیں ان بھائیوں کی ہے جو اس وقت خلیجی ممالک میں موجود ہیں اورکثیر تعداد میں بےروزگار ہوگئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ حکومت کی بھرپور کوششوں کے بعد 1600 کے لگ بھگ پاکستانی وطن واپس آ چکے ہیں لیکن اب بھی تقریباً 36000 سے 40000 تک پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ ہنگامی بنیادوں پر محصور پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد اور معاونت کیلئے کوشاں ہیں،صوبائی حکومتوں کے عدم تعاون کی وجہ سے بروقت وطن واپسی میں مشکلات درپیش ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتوں سے اپیل ہے کہ وطن واپسی کے عمل میں دفتر خارجہ اور وفاقی حکومت کی معاونت کی جائے۔