سانحہ پشاور نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا ،نواز شریف

پشاور:وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔ نئی نسل کو وہ پاکستان دیں گے جس کا خواب قائد اعظم اور آزادی کے شہیدوں نے دیکھا تھا۔
وزیراعظم نے ہر سال سولہ دسمبر کو قومی عزم تعلیم منانے کا اعلان کردیا۔سولہ دسمبر کو بہنے والے مقدس لہو کی ایک ایک بوند ہمارے جذبوں میں موجزن ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے بچوں کا لہو بول رہا ہے ۔
آرمی پبلک اسکول پشاور میں سانحہ میں شہید بچوں کے ورثا کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ سانحہ پشاور نے پوری قوم کو ہلاکر رکھ دیا تھا جس کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ دہشت گرد تو انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں انہیں ان کے ٹھکانوں میں ختم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کا ناسور ختم کرنا ایک مشن ہے ہماری فوج، سول قیادت اور عوام دہشتگردوں کیخلاف ایک پیج پر ہے پاک فوج کے جوانوں نے آرمی چیف راحیل شریف کی قیادت میں بے پناہ کامیابیاں حاصل کیں۔
محمد نواز شریف نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان میںامن کے لیے اقدامات کررہے ہیں ہم نئی نسل کو پرامن پاکستان دیں گے،پاکستان محبت،بھائی چارہ اور امن کا گہوارہ بنے گا نئی نسل کو وہ پاکستان دیں گے جس کا خواب قائد اعظم اور آزادی کے شہیدوں نے دیکھا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال سولہ دسمبر کو قومی عظم تعلیم منا یا جائے گا۔ انہوں نے آرمی پبلک شہداءیونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا ۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔