Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
09 Dhul-Qadah 1445  

وزیر اعظم کے معاونین کو عہدوں سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کے معاونین کو عہدوں سے ہٹانے کی...
شائع 30 جولائ 2020 12:31pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کے معاونین کو عہدوں سے ہٹانے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وزیراعظم کے معاونین کو عہدوں سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ بتائیں آئین میں کہاں لکھا ہے کہ وزیراعظم کے معاونین دہری شہریت نہیں رکھ سکتے؟، وزیراعظم کو جب عوام منتخب کرتے ہیں تو ان پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوجاتی ہیں، وہ اگر اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے کسی کی مدد لے تو اس میں کیا حرج ہے؟ اگر انہیں اتنا اختیار بھی نہ دیں کہ وہ کسی کو معاون رکھے تو کیسے نظام چلے گا؟۔

وکیل درخواست گزار نے آئین کے آرٹیکل 93 کے تحت 5مشیر مقرر کئے جا سکنے کا مؤقف اپنایا تو چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آرٹیکل 93 مشیروں سے متعلق ہے ، معاونین خصوصی سے متعلق نہیں ہے، آئین میں یہ دکھائیں جس جگہ لکھا ہے کہ معاونین دوہری شہریت نہیں رکھ سکتے۔

وکیل اکرام چوہدری نے کہا کہ آئین میں ایسا کچھ نہیں لکھا لیکن رولز آف بزنس میں یہ پابندی موجود ہے ، رُول پندرہ میں اس قسم کی پابندی موجود ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ رُول 15 تو 2010 میں حذف کیا جا چکا ہے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔