ملک بھر میں آج یوم بحریہ ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے
جنگ ستمبر میں دشمن کے ہوش اڑانے والوں اورسمندری حدود کے نگہبانوں قوم کا تمہیں سلام،ملک بھر میں آج یوم بحریہ ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے،8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ کے جنگی جہازوں نے بھارتی ریڈار اسٹیشن تباہ کیا، آبدوز غازی نے بالا دستی قائم رکھی اورملک کی بحری سرحدوں کو مکمل طور پر محفوظ رکھا۔
ملک بھر میں یوم بحریہ آج اس ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے کہ پاک بحریہ ملکی دفاع کی خاطر کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، 1965 کی جنگ ہو یا کوئی بھی معرکہ، پاک بحریہ ہمیشہ قوم کی امنگوں پر پوری اتری ہے۔
پاک بحریہ کا دب دبا آج بھی دشمن نہیں بھلا پایا، پاک بحریہ کی کامیابیوں کی داستانیں یوں تو بہت طویل ہیں مگر65 کی جنگ میں سمندری حدود کی حفاظت اور بھارتی بحریہ کو اس کے اپنے ساحلوں تک محدود رکھنا دو اس قدر بڑے کام تھے جس پر پورے ملکی دفاع کا دارو مدارتھا۔
آج یوم بحریہ اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ سمندری حدود کی حفاظت کیلئے بحری محافظ ہمہ وقت تیار ہیں۔
پاک بحریہ نے 1965کی جنگ کے آغاز پر ہی بھارتی نیوی کو دوارکا کے مقام پر دبوچ لیا، جس پر دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، یہ پاکستان کی قومی اور عسکری تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جانے والا ایک عظیم واقعہ ہے۔
آپریشن میں ایک جانب تو بھارت کا کراچی پر حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا تو دوسری جانب 2بھارتی افسر اور 13 سیلزر ہلاک ہوئے، رن وے کو بھی مکمل طور پر تباہ اور انفراسٹرکچر کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا گیا تھا۔
پاکستان نیوی نے مارچ2019 میں بھارتی آبدوز کے پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انتہائی مہارت کے ساتھ ٹارگٹ لاک کرلیا اور تنبیہ کرکے پاکستانی حدود سے نکلنے جانے پر مجبور کردیا، دشمن کیلئے خوف کی علامت پاک بحریہ آج بھی بحری خطوں میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہی ہے۔
پاک بحریہ کے دن پر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا پیغام
دوسری جانب پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود نےپاک بحریہ کے دن پر اپنے پیغام کہا ہے کہ یوم بحریہ ہمارے بحری ہیروز کی قربانیوں اور جذبے کو سراہنے کیلئے منایا جاتا ہے،یہ دن ہمارے غازیوں اور شہدا کے کارناموں اور کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ یہ دن ہماری بحری تاریخ میں ایک سنہری باب کی حیثیت رکھتا ہے جو ہماری نئی نسل میں امید اور افتخارکو جلا بخشتا ہے۔
ایڈمرل ظفر محمود کا کہنا تھاکہ پاک بحریہ خطے میں بحری سلامتی کے مشترکہ اقدام میں بین الاقوامی بحری اشتراک کا اہم حصہ ہے، بحریہ نے انفرادی طور پر محفوظ سمندری ماحول کے حصول کیلئے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کا آغاز کیا۔
پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان نیوی خطے میں مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے ،پاکستان نیوی سی پیک منصوبے کی کامیابی میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے تیار ہے۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔