Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  

ملک بھر میں تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے

اسلام آباد:کورونا کے سبب بند ملک بھر میں تعلیمی ادارے آج سے کھل...
اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2020 11:48am

اسلام آباد:کورونا کے سبب بند ملک بھر میں تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے، چاروں صوبوں میں جامعات، کالجز اور 9ویں اور10ویں کلاس کیلئے اسکول میں تدریسی عمل بحال ہوگیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے تمام تعلیمی ادارے ایس او پیز کے تحت کھولنے کی ہدایت کی ہے،23ستمبر کو چھٹی، 7ویں اور 8ویں کلاسز اور 30ستمبر سے پرائمری کلاسز بھی شروع ہوجائیں گی۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا ءکے سبب تعلیمی ادارے 6ماہ قبل بند کے گئے تھے، سندھ میں تعلیمی ادارے ساڑھے 6ماہ بعد کھل گئے، کراچی سمیت پورے سندھ میں کورونا کا پہلا کیس 26فروری کو سامنے آنے کے بعد تعلیمی ادارے ابتدائی طور پر 27اور 28فروری کو پہلی بار 2روز کیلئے بند کئے گئے تھے جس کے بعد صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں کو ایک حکم نامے کے ذریعے 28فروری کی رات مزید 15روز کیلئے 15مارچ تک بند کردیا تھا۔

جس کے بعد پاکستان کے دوسرے صوبوں سے بھی کوویڈ کے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ شروع ہوا تو وفاقی حکومت کے سطح پر پورے ملک کے تعلیمی ادارے اسکول، کالج اور جامعات 16مارچ سے 31مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ سامنے آیا جسے بعد میں متعدد بار بڑھایا گیا۔

اس دوران ابتدا میں کیمبرج بورڈ نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اے اور او لیول کے امتحانات منسوخ کرکے طلبہ کو براہ راست گریڈنگ دینے کا اعلان اپریل میں کیا جس کے بعد تمام صوبوں کی مشاورت سے وفاقی حکومت نے بھی پورے ملک میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات کی منسوخی کا اعلان کیا اور طلبہ کو براہ راست اگلی کلاس میں ترقی دینے کا فیصلہ کیا اور اس کا باقاعدہ فارمولا طے کیا گیا جس کے تحت اب نتائج کا اجراء بھی شروع کردیا گیا۔

اس دوران پاکستان کی کچھ نجی اور بعد میں سرکاری جامعات نے اپنے طلبہ کیلئے آن لائن کلاسز کا سلسلہ شروع کیا جس میں ابتداء میں طلبہ کو لوڈ شیڈنگ اور انٹرنیٹ کی عدم فراہمی سمیت دیگر کئی مشکلات کا سامنا رہا تاہم متبادل طریقہ کار نہ ہونے کے سبب نجی اسکولوں نے بھی اپنے طلبہ کیلئے آن لائن کلاسز شروع کردی جو تاحال جاری تھیں۔

حکومت کی جانب سے ایس اوپی پرعملدرآمد کیلئے والدین اور اساتذہ کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کے تحت کلاس رومز میں کرسیوں کے درمیان فاصلہ رکھنا،طلبہ کو ماسک پہننا ،ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال ، بچوں کیلئے ماسک،اسکول،کالج اورگاڑی میں سماجی فاصلہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

این سی اوسی کا کہنا ہے کہ کھانسی یابخارکی علامات پربچوں کواسکول نہ بھیجیں، طبیعت زیادہ خراب ہوتوبچوں کافوری ٹیسٹ کرایاجائے ،کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کی صورت میں اسکول کومطلع کیاجائے۔

نجی اسکولوں اور جامعات میں جراثیم کش اسپرے بھی کرایا جارہا ہے جبکہ ایس او پیز پر عمل کرانے کیلئے تدریسی و غیر تدریسی عملے کو تربیت بھی دی جارہی ہے۔

پنجاب بھر میں بھی تعلیمی ادارے کھل گئے

پنجاب بھر میں بھی تعلیمی ادارے کھل گئے، درس و تدریس کا عمل شروع ہوگیا،گرمی اور حبس میں طلبا کو ماسک پہننے میں دشواری کا سامنا تاہم والدین، طلبہ اور اساتذہ سب ہی تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز پر خوش ہیں۔

چھ ماہ بعد آخرکار نویں جماعت سے یونیورسٹی لیول کی کلاسز کا آغاز ہوگیا،وینز اور رکشوں سے کوئی ماسک گلوز پہنے اور کوئی بغیر پہنے آیا تو گیٹ پر ہی ٹمپریچر گن اور ڈیٹول سپرے سے استقبال ہوا، خوشی کے باجود گرمی میں ماسک پہننا طلبہ کو دشوار لگا۔

والدین بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز پر بے حد خوش ہیں۔ اساتذہ کہتے ہیں بہت وقت ضائع کرلیا اب فوکس طلبہ کی پڑھائی مکمل کرانے پر ہے۔

اسکول و یونیورسٹی میں ہر کلاس کے ساتھ گیٹ پر کل تعداد اور طلبہ کی حاضری بھی چسپاں کردی گئی۔

خیبرپختونخوا میں بھی آج سے تعلیمی ادارے کھل گئے

خیبرپختونخوا میں بھی کورونا ایس اوپیز کے تحت آج سے تعلیمی ادارے کھل گئے،ماسک کے باہر طلباء کو اسکول میں داخل نہیں ہونے دیا جارہا ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا ایس اوپیز کے تحت 6ماہ بعد تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں،ا سکولز میں نو ماسک نو انٹری سمیت کورونا ایس او پیز کے بینرز آویزاں کردئیے گئے۔

بغیر ماسک کے طلباء کو اسکول میں داخل نہیں ہونے دیا جارہاجبکہ ترمل گن سے طلبہ اور سٹاف کی ٹیمپریجز کی چیکنگ بھی جاری ہے۔

طلباء بھی تعلیمی ادارے کُھلنے پر خوش ہیں کہتے ہیں کورونا سے بھی بچنا ہے اور علم کے حصول کا سفر کو بھی جاری رکھنا ہے۔

محکمہ تعلیم کےمطابق کسی کلاس میں کورونا پازیٹیو کیس آنے کی صورت میں کلاس کو 5روز کیلئے بند کیا جائے گا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div