Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
11 Shawwal 1445  

انسداد دہشتگردی کے تیسرے ترمیمی بل2020 کی منظوری

فہیم خان کی جانب سے پیش کئے گئے بل کا مقصد دہشتگردی میں مالی معاونت کی روک تھام کرناہے۔
شائع 16 ستمبر 2020 12:22am

قومی اسمبلی نے انسداد دہشتگردی کے تیسرے ترمیمی بل2020 کی منظوری دے دی۔

فہیم خان کی جانب سے پیش کئے گئے بل کا مقصد دہشتگردی میں مالی معاونت کی روک تھام کرناہے۔

امجد علی خان کی جانب سے فوجداری قانون کا ترمیمی بل2020 بھی ایوان میں پیش کیا گیا.بل میں پاکستان کی مسلح افواج یا اس کے کسی اہلکار کی دانستہ طور پر تضحیک یا بدنام کرنے پر سزا دینے کےلئے پاکستان پینل کوڈ اور ضابطہ فوجداری میں ترامیم کی تجاویز دی گئی ہیں۔

ایسے جرم کے مرتکب شخص کو دو سال کی قید یا پانچ لاکھ روپے جرمانہ کیا جاسکے گا۔اس ترمیم کا مقصد مسلح افواج کے خلاف نفرت اور عدم احترام کے رویوں کو روکنا ہے۔

قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ ناگہانی آفات سے نمٹنے کا ادارہ ملک بھر میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور امدادی کارروائیاں کررہا ہے۔

ایک توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل ماہرین کی ٹیموں کے ساتھ ریلیف کوششوں کی نگرانی کے لئے سندھ کے دورے پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھرمیں بارشوں سے متاثرہ لوگوں میں خوراک کے تھیلے اور خیمے تقسیم کر دیئے گئے ہیں۔

بعد ازاں ایوان نے لاہور سیالکوٹ موٹروے پر خاتون سے زیادتی کے افسوسناک واقعہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بحث کو دوبارہ شروع کیا۔

بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فوادحسین چوہدری نےپاکستان میں عدالتی نظام میں اصلاحات لانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ریپ کیسز میں سزاؤں کی شرح بڑھے اور معاشرے میں اس طرح کے غیر انسانی واقعات کا سدباب ہو۔ بے حرمتی کا شکار خواتین کےلئے خاتون تفتیشی افسر مقرر کی جانی چاہیئے۔

ریڈیو پاکستان

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div