Aaj TV News

COVID-19 TOTAL DAILY
CASES 327,063 847
DEATHS 6,727 12

لاہور:موٹر وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد علی بارہ روز بعد بھی پولیس کی پکڑ میں نہ آسکا،حراست میں لئے گئے ملزم کے قریبی رشتے داروں سے تفتیش جاری ہے۔

موٹروے کیس اپنے انجام کو نہ پہنچ سکا،12روز بیت گئے مگر مرکزی ملزم عابد علی پولیس کی پکڑ میں نہ آسکا،31ہزار کی نفری اور 28تفتیشی ٹیموں کیلئے ملزم عابد کی گرفتاری کڑا امتحان بنی ہوئی ہے۔

بارہ روز کے دوران پولیس نے ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر پہلے شیخوپورہ پھر قصور اور پھر ننکانہ صاحب میں چھاپے مارے مگر ملزم حراست میں نہ آسکا،ملزم تینوں مقامات سے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہوگیا۔

گزشتہ روز آئی جی پنجاب انعام غنی کی جانب سے بھی ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹوئٹر پر عوام سے مدد کی اپیل کی گئی جبکہ بہاولنگر سے گرفتار کئے گئے ملزم عابد کے بہنوئی اور اس کے بھائی کی تصویریں بھی جاری کردی گئیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عابد ملہی کی گرفتاری کیلئے مختلف پہلوؤں اور زاویوں سے تفتیش کی جارہی ہے ،جلد سفاک درندہ پولیس کے شکنجے میں ہوگا۔