Aaj TV News

COVID-19 TOTAL DAILY
CASES 326,216 736
DEATHS 6,715 13

اسلام آباد:بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی )کے سربراہ سرداراخترمینگل نے طبیعت خرابی کے باعث آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی)میں شرکت سے معذرت کرلی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی آل پاٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے سیاسی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکاہے تاہم اس اہم ترین موقع پر بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اختر مینگل طبیعت خرابی کے باعث حزبِ اختلاف کی اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سردار اختر مینگل کی جانب سے بی این پی کا وفد اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت کرے گا۔

دوسری جانب کل جماعتی کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور سیاسی جماعتوں کے سربراہان سمیت اہم سیاسی شخصیت نے پہنچنا شروع کر دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اے پی سی میں شرکت کیلئے نجی ہوٹل پہنچ گئے جبکہ یوسف رضا گیلانی ، نیئر بخاری ، نفیسہ شاہ سمیت دیگر کئی افراد بھی پہنچ چکے ہیں۔

اے پی سی میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے اور خطاب بھی کریں گے۔

کل جماعتی کانفرنس میں مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام (ف)، عوامی نیشنل پارٹی، بی این پی مینگل، بی این پی عوامی اور دیگر جماعتیں شریک ہوں گی جبکہ جماعت اسلامی نے اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا اعلان ہے۔