Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

سیاسی جماعت میں خواجہ سراؤں کے علاوہ دیگر شہری بھی حصہ لے سکیں گے

خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن ندیم کشش نے "آزاد پارٹی"...
اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2020 09:36am

خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن ندیم کشش نے "آزاد پارٹی" نامی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے۔ جس جماعت میں خواجہ سراؤں کے علاوہ دیگر شہری بھی حصہ لے سکیں گے۔

پارٹی کے صدر ندیم کشش نے پیر کو لانچ کے موقع پر نجی ویب سائٹ کو بتایا کہ ان کی پارٹی کی سیاست باقی سیاسی جماعتوں سے مختلف نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا، ’ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کا ایک نچوڑ نکالا ہے۔ یہ کھسرا سیاست پہلے ہی کر رہے ہیں۔ جو ہماری کھسرا سیاست چل رہی ہے، ہم بھی وہی کریں گے۔ کوئی نیا طریقہ نہیں نکالیں گے۔ کھسرا سیاست کا مطلب یہ ہے کہ ہم بھی سڑکوں پر نکلتے ہیں، نعرے لگاتے ہیں، ہمارے بھی جیالے ہیں، ہم بھی رونا پیٹنا جانتے ہیں، لیکن ہم ایک نارمل طریقے سے آئیں گے کیونکہ ہم ایک نئی جماعت ہیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ آزاد پارٹی میں گرو، چیلوں کا کوئی کلچر نہیں ہوگا۔ ’جس طرح جرگہ سسٹم ختم کیا گیا ہے، اسی طرح گرو چیلہ سسٹم بھی ختم کیا جائے۔‘

ندیم کشش نے مزید بتایا، ’میں خود گرو چیلہ سسٹم سے آیا ہوں اسی لیے مجھے پتہ ہے کہ اس کلچر میں کیسے خواجہ سراؤں کو سیکس ورک میں اور بھیک مانگنے میں پھنسایا گیا ہے۔ میں نے دیکھا ہے کہ کیسے اس سسٹم میں گھروں میں جرائم کے خود ہی فیصلے لے لیے جاتے ہیں اور کیسے لوگوں کو سزائیں دے دی جاتی ہیں۔‘

خواجہ سراؤں کی بہبود کے لیے حکومتی کاوشوں پر تنقید کرتے ہوئے ندیم نے کہا کہ ان خواجہ سراؤں کو حکومتی مدد کی زیادہ ضرورت ہے جن کے پاس تعلیم نہیں ہے۔ ’پہلے خواجہ سرا کہہ کر اپنی تصویریں بنوا لیتے ہیں لیکن اصل میں پڑھے لکھے امیر خواجہ سراؤں کو ان مشکلات کا سامنا نہیں جو ایک لوئر مڈل کلاس خواجہ سرا کو ہے۔ جو خواجہ سرا یونیورسٹی سے پڑھ کر اچھی نوکریاں کر رہے ہیں، امیر گھرانوں سے ہیں، انہیں غریبوں کے مسائل نہیں معلوم۔ حکومت اگر ان لوئر مڈل کلاس خواجہ سراؤں کی سنے تو مسائل جلد حل ہوں گے اور ہماری پارٹی ان ہی خواجہ سراؤں کے لیے کام کرے گی۔‘

ندیم نے بتایا کہ پارٹی کی رجسٹریشن اور اس کا لوگو فی الوقت تیار نہیں ہے لیکن جلد ہی اس کا بھی اعلان کر دیا جائے گا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div