Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

پاک بحریہ سمندری دفاع کے ساتھ ساتھ بلیو اکانومی کے فروغ کیلئےسرگرم ہے، نیول چیف

اسلام آباد:نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ...
شائع 24 ستمبر 2020 10:28am

اسلام آباد:نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ سمندری دفاع کےساتھ ساتھ بلیو اکانومی کے فروغ کیلئےسرگرم ہے ، سمندری آلودگی ایک سنگین مسئلہ ہے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

ورلڈ میری ٹائم ڈے 2020ء کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سمندر کی اہمیت اور تحفظ پر توجہ مبذول کرانے کیلئے ہر سال پوری دنیا میں ورلڈ میری ٹائم ڈے منایا جاتا ہے۔

نیول چیف نے کہا کہ ورلڈ میری ٹائم ڈے موضوع ”مستحکم کرہ ارض کیلئے مستحکم جہاز رانی“ ہے،بین الاقوامی معیشت کا زیادہ تر انحصار جہاز رانی سے متعلقہ سرگرمیوں پر ہے، قدرت نے پاکستان کو ایک ہزار کلومیٹر سے زائد طویل ساحلی پٹی سے نوازا ہے،پاک چین اقتصادی راہداری سے بھرپوراستفادہ کیلئے بحری شعبے کی ترقی ناگزیر ہے۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مزید کہا کہ پاک بحریہ سمندری دفاع کےساتھ ساتھ بلیواکانومی کے فروغ کیلئےسرگرم ہے ، حکومتِ پاکستان کی جانب سے 2020ء کو بلیو اکانومی کا سال قرار دینا ایک مثبت قدم ہے۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہاکہ سمندری تحفظ کے روایتی اور غیر روایتی چیلنجز کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی سمندری آلودگی ایک سنگین مسئلہ ہے، ان مسائل کے حل کیلئے تمام ساحلی ممالک کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، پاک بحریہ علاقائی سمندری تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردارادا کررہی ہے۔

سربراہ پاک بحریہ نے مزید کہا کہ بندرگاہوں کی صفائی ،سمندر میں تیل کے رساؤ کی روک تھام اور ساحلی علاقوں میں مینگرووز کی شجرکاری سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔