Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

سیز فائر کی خلاف ورزیاں، سینئر بھارتی سفارتکار کی دفترخارجہ طلبی

اسلام آباد:پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائرکی خلاف ورزیوں...
شائع 25 ستمبر 2020 03:04pm

اسلام آباد:پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائرکی خلاف ورزیوں پر بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

بھارتی قابض فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔

پاکستان نے بھارت سے اشتعال انگیزیوں پر سخت احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے عالمی معاہدوں پر عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ بھارتی سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فورسز نے 24 ستمبر کو ایل او سی کے بارو سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2شہری شدید زخمی ہوئے۔

رواں برس بھارت نے اب تک فائر بندی انتظام کی 2340 خلاف ورزیاں کی ہیں، رواں برس بھارتی اشتعال انگیزیوں میں 18 معصوم شہری شہید اور 187شدید زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے ،بھارتی فورسز مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

بھارت کی پے در پے اشتعال انگیزیاں خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں اور وہ ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے اور 2003 کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور اقدار کے منافی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے2جوان شہید ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 10ستمبر کو بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 معصوم پاکستانی شہری زخمی ہوگئے تھے۔

رواں ماہ9 ستمبر کو بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی تھی،بیدوری سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے حوالدار لیاقت شہید ہو گیا تھا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div