وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیاحت کےعالمی دن پر ٹورازم ایپ کاافتتاح کردیا

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیاحت کے عالمی دن پر...
شائع 27 ستمبر 2020 12:33pm

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیاحت کے عالمی دن پر ٹورازم پنجاب ایپ کا افتتاح کردیا،511 سیاحتی مقامات بارے تمام معلومات ایپ کے ذریعے مہیا کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت لاہور میں اجلاس منعقد ہوا جس میں عثمان بزدار نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر ٹورازم پنجاب ایپ کا آغاز کیا جبکہ وزیر اعلیٰ نے ڈی ٹی ایس سسٹم کی ایپ کا بھی افتتاح کیا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کیلئے ہر شعبے میں آسانیاں پیدا کررہے ہیں،پنجاب ٹورازم ایپ کے ذریعے شہری سیاحت سے متعلقہ معلومات اور خدمات آن لائن حاصل کر سکیں گے،ایپ کے ذریعے سیاحتی مقام کا روٹ بھی معلوم ہوسکے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ ٹی ڈی سی پی کے ہوٹلوں کی بکنگ بھی آن لائن کرائی جاسکے گی، ٹورسٹ آپریٹرز کے امور کو آٹو میٹڈ کردیا گیا ہے۔

عثمان بزدار نے مزیدکہا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے جامع پالیسی بنائی گئی ہے، سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب کو سیاحت کا بہترین مرکز بنائیں گے۔