شہباز شریف کا اپنے کیس کی پیروی کیلئے وکیل نہ کرنے کا فیصلہ

لاہور:مسلم لیگ (ن )کے صدر شہبازشریف نے اپنے کیس کی پیروی کیلئے...
اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2020 11:03am

لاہور:مسلم لیگ (ن )کے صدر شہبازشریف نے اپنے کیس کی پیروی کیلئے وکیل نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع (ن)لیگ کے مطابق گزشتہ روز منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ہونے والے مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف نے اپنے کیس کی پیروی کیلئے وکیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع ن لیگ کے مطابق،شہباز شریف کے وکیل لاہور کی احتساب عدالت پیش نہیں ہوں گے ۔

شہبازشریف کا کہنا ہے کہ اپنا کیس اللہ رب العزت کی عدالت میں چھوڑ رہا ہوں، نیب جتنے دن کا چاہے ریمانڈ لے لے، اپنا کیس خود لڑوں گا کسی سے مدد نہیں لوں گا۔

دوسری جانب صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، احتساب عدالت کے ارد گرد پولیس نے بیریئرز لگا کر ملحقہ سڑکوں کو بند کر دیا ہے۔

احتساب عدالت لاہور کے اطراف کی سڑکیں بند ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے بعد میاں شہباز شریف کو لاہور ہائیکورٹ سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

شہباز شریف کو آمدن سے زیادہ اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں آج احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جا رہا ہے، اس موقع پر نیب حکام شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نیب حکام نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا طبی معائنہ بھی کروایا، شہباز شریف کا بلڈ پریشر، شوگر اور دل کی دھڑکن نارمل پائی گئی۔

نیب حکام نے شہباز شریف کو گھر سے پرہیزی کھانا میٹرس، کرسی اور دیگر بنیادی سامان منگوانے کی بھی اجازت دے دی۔

نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے انویسٹی گیشن کے دوران کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا، تفتیشی ٹیم شہباز شریف سے 6 فُٹ کے فاصلے پر رہ کر تفتیش کرے گی اور کسی افسر کو ماسک اور سینیٹائزر کے استعمال کے بغیر شہباز شریف سے ملاقات نہیں کرے گا۔