گرفتاریاں معنی نہیں رکھتیں ،نیب سےڈرنے والے نہیں، یوسف رضا گیلانی

کراچی :سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ لیڈرشپ کے بغیر...
اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2020 02:36pm

کراچی :سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ لیڈرشپ کے بغیر تحریک خطرناک ہوگی ،گرفتاریاں معنی نہیں رکھتیں، نیب سے ڈرنے والے نہیں، اسمبلیوں سے استعفے آخری راستہ ہوگا، فیصلہ تمام جماعتوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

کراچی کی وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں ٹڈاپ میں اربوں روپے کی کرپشن کے 26 مقدمات کی سماعت ہوئی۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ریفرنس میں اللہ داد، فرحان احمد جونیجو، شہباز علی، سیدہ نسرین اور نعمان احمد اشتہاری ہیں۔

احتساب عدالت نے 25سے زائد کاروباری شخصیات کے ایک بار پھر ورنٹ گرفتاری جاری دیئے ۔

عدالت نے ایف آئی کوحکم دیا آئندہ سماعت پر ملزمان کوگرفتار کرکے پیش کیا جائے۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگومیں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے، میری باری توپہلے ہی آچکی ہے، ہمارا آخری آپشن استعفی ہوگا، اسمبلی چھوڑنے کا معاملہ آیا تو فیصلہ تمام جماعتوں کا ہوگا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ گرفتاریاں معنی نہیں رکھتیں، دیکھنا ہے حکومت کا معیار کیا ہے، اگرحکومت منشور پرعمل درآمد ہوتا ہے تو عوام مطمئن ہوں گے، اگر لیڈر شپ کے بغیر کوئی تحریک ہوگی تو یہ خطرناک ہوگا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہماری حکومت میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھے، بلوچستان سمیت ہرجگہ سے سیاسی مقدمات ختم کئے ملک کو آگے چلانا چاہتے تھے، اگر ہماری قربانی سے ملک بہتر ہوسکتا ہے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ،ہم نے 73 کے آئین کو بحال کیا ۔