پارک لین اورٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں آصف زرداری پر فردجرم عائد

اسلام آباد:احتساب عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین...
اپ ڈیٹ 05 اکتوبر 2020 10:57am

اسلام آباد:احتساب عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف زرداری پرمزید 2 ریفرنسز میں فرد جرم عائد کر دی،پارک لین اور ٹھٹہ واٹر سپلائی ریفرنس میں فرد جرم عائد کی گئی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے پارک لین اور ٹھٹہ واٹر سپلائی ضمنی ریفرنسز کی سماعت کی ۔

اس سلسلے میں آصف زرداری ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئےجہاں سابق صدر سمیت دیگر ملزمان کی حاضری لگوائی گئی جبکہ شریک ملزم شیرعلی نے گزشتہ سماعت پر پیش نہ ہونے کی وجہ طبعت ناساز ہونا بتائی۔

دورانِ سماعت سابق صدر آصف زرداری اور دیگر ملزمان کو پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی چارج شیٹ دی گئی جبکہ ملزمان کو فرد جرم کی نقول بھی فراہم کی گئیں۔

عدالت نے سابق صدر پر پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں فرد جرم عائد کردی، پارک لین ریفرنس میں 19 اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں کل 15 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی۔

سابق صدر آصف زرداری سمیت تمام ملزمان نے فرد جرم عائد کئے جانے پر صحت جرم سے انکار کردیا۔

عدالت نے نیب کو پارک لین ریفرنس میں 20اکتوبر جبکہ ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں 21 اکتوبر کو گواہ پیش کرنے کا حکم دے دیا جبکہ آئندہ سماعت پردونوں ریفرنسز میں 3،3گواہ پیش کئے جائیں گئے۔

سابق صدر آصف زردری کا خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل

عدالت سے روانگی پر سابق صدر آصف زردری نے مسلم لیگ ن کے رہنماءخواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتےہوئے کہا کہ خواجہ آصف نے میرے خلاف بیان کسی کی ایما پردیا ہوگا، بیان اپوزیشن میں دراڑیں ڈالنے اور ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش ہے۔

میڈیا میں خطابات پرپابندی سے متعلق آصف زرداری نے کہاکہ اب تقریرروکنا کسی کے بس کی بات نہیں رہی۔

صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ وفاقی حکومت کیلئے مزید کتنا وقت تک دیکھ رہے ہیں ؟ جس کے جواب میں سابق صدر نے کہا کہ ابھی تو بسم اللہ کی ہے۔

آصف زرداری نے نیب کیسز کے سوال پرکہاکہ اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو اس طرح کے کیسز بنتے رہتے ہیں۔