Aaj News

بدھ, مئ 08, 2024  
30 Shawwal 1445  

کے الیکٹرک سے فٹبال ٹیم کے خاتمے پر کھلاڑیوں کا احتجاجی مظاہرہ

کراچی: کے الیکٹرک سے فٹبال ٹیم ختم کرنے اور کھلاڑیوں کو بے ...
اپ ڈیٹ 24 نومبر 2020 09:34pm

کراچی: کے الیکٹرک سے فٹبال ٹیم ختم کرنے اور کھلاڑیوں کو بے روزگار کئے جانے کے خلاف ادارے کے صدر دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فٹبال حلقوں کے تحت منعقد ہونے والی ریلی فٹبال ہاؤس لیاری سے کے الیکٹرک کے مرکزی دفتر گزری پہنچی، جہاں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سابق انٹرنیشنل اور قومی فٹبالرز بھی شریک ہوئے۔

مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات کے حق میں مختلف نعرے درج تھے۔ مظاہرے کے شرکاء نے زبردست نعرے بازی بھی کی۔

اس موقع پر اکبر بلوچ، فتح محمد بلوچ، رحیم بخش بلوچ، گلاب بلوچ، عمر آفتاب، شاہد تاج بلوچ اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ فٹبالر کا معاشی قتل بند کیا جائے، کے الیکٹرک فٹبال ٹیم کی بندش نامنظور ہے، کے الیکٹرک فٹبال ٹیم کو فوری طور پر بحال کیا جائے، قومی ہیروز کو چپڑاسی بنانا منظور نہیں ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ اگر کے الیکٹرک فٹبال ٹیم بحال نہ کی گئی تو پرزور احتجاج کیا جائے گا، دھرنا دینے کے ساتھ بھوک ہڑتال بھی کی جائے گی۔

مزید کہا گیا کہ کھلاڑیوں کے حقوق پامال نہیں ہونے دیں گے، ان کھلاڑیوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کیا، فٹبالرز نے ملک اور قوم کو عزت دلائی۔

مقررین نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود کھلاڑی رہے ہیں، کھلاڑیوں کو عمران خان سے بہت توقعات ہیں، مطالبات کے حق میں وزیراعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div