Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

وزیر اعظم شہباز شریف کا ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان

تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، شہباز شریف
شائع 08 مئ 2024 04:44pm

وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا اور کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچوں کا اسکول نہ جانا بڑا چیلنج ہے، قائدا عظم نے فرمایا تھا قوم کے لیے تعلیم زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، پاکستان چیلنجز پر قابو پا کر ایٹمی قوت بنا۔

اسلام آباد میں شعبہ تعلیم سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کسی قوم کی ترقی ممکن نہیں، شعبہ تعلیم میں اصلاحات کے لیے کوشاں ہیں، بچوں کا اسکولوں سے باہر ہونا تشویشناک ہے۔

وزیراعطم کا کہنا تھا کہ آج ایک انتہائی اہم تقریب یہاں ہو رہی ہے، پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکول نہیں جاتے، بچوں کا اسکول نہ جانا بڑا چیلنج ہے، بچوں کی غذائی کمی بھی بڑا چیلنج ہے، قوم کی ترقی تعلیم سے جڑی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ اسٹنٹنگ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے پاکستان کا، مالی وسائل تعلیم کے فروغ کے لیے ضروری ہے اور اس کا مسئلہ بھی درپیش ہے لیکن سب سے بڑا چیلنج ان اہداف کو حاصل کرنے کے لیے حوصلے کا ہونا ہے۔

ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایک جوہری ملک ہے، پاکستان بیرونی دباؤ کے باوجود چیلنجز کا مقابلہ کرکے ایٹمی طاقت بنا، دہشت گردی ملک کے لیے بڑا چیلنج ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کا نذرانہ دیا، پاکستانی قوم چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

وزیرعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر موڑنے کے لیے کئی موقع سامنے آئے ہیں، کسی بھی قوم کی ترقی تعلیم سے جڑی ہے، قائداعظم نے کہا تعلیم قوم کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، بطور وزیراعلی میں نے بچوں کے لیے تعلیم وظائف کا بندوبست کیا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ ہم نے پنجاب میں 2008 سے 2018 کے دوران تعلیم کے لیے کام کیا اور جبری مشقت کا خاتمہ کیا، بچوں سے مشقت کرانے والے والدین کو تعلیم کے لیے رقم دی، ساتھ ہی ہم نے محنت سے 10 ہزار اسکولوں کو اپ گریڈ کیا گیا اور ان کے تعلیمی معیار کو بہتر کیا گیا، دانش اسکولوں کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ وہاں غریب بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں برطانوی حکومت کے تعاون سے ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ قائم کیے ہیں، 2008 میں پنجاب میں ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا، یہ ریجن کا سب سے بڑا تعلیم فنڈ تھا، یہ ان کے لیے تھا جن بچوں کے پاس اسکول جانے کے لیے وسائل نہیں تھے، ہم اس فنڈ میں ہر سال 20 لاکھ روپے مختص کرتے تھے اور اس کے تحت 4 لاکھ 50 ہزار طالب علموں کو اسکالر شپس دی گئیں، میں نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب بچوں کے لیے تعلیمی وظائف اور یونیفارم کا بندوبست کیا تھا۔

مل کر پاکستان کی خدمت کریں گے تو ہندوستان کیا اس کے باپ کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے، وزیراعظم

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات میں پوائنٹ اسکورنگ کے لیے نہیں کر رہا، ہم لازمی 2 کروڑ 60 لاکھ بچوں کو اسکول میں داخلہ کرائیں گے، میں پاکستان میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتا ہوں، میں تمام وزرائے اعلی سے ملوں گا، تعلیم کے کردار نہیں بن سکتا، تعلیم کے بغیر انڈسٹری نہیں چل سکتی۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

Education Emergency

education conference